لاہور سمیت بیشتر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری، 2 افراد جاں بحق

نمائندگان ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  جمعرات 22 مارچ 2018
فصلوں کو نقصان، بلوچستان میں برفباری، بجلی بند،آج موسم خشک رہے گا، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

فصلوں کو نقصان، بلوچستان میں برفباری، بجلی بند،آج موسم خشک رہے گا، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد /  لاہور / اوکاڑہ / ہارون آباد / ننکانہ / پاکپتن / ساہیوال: لاہور سمیت بیشتر علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش بعض علاقوں میں ژالہ باری سے موسم سرد رہا جب کہ دیگر حادثات میں ایک لڑکی اور آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

گزشتہ روز لاہور سمیت بیشتر علاقوں میں دن بھر وقفہ وقفہ سے تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش بعض علاقوں میں ژالہ باری سے موسم سرد رہا، ادھر اوکاڑہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر جانے سے لڑکی جاں بحق 2 افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ ہارون آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

دوسری جانب بارش اور ژالہ باری سے گندم کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی بڑھ گئی، بارش اور برف باری کے بعد سردی پھر لوٹ آئی۔

اوکاڑہ میں بصیر پور کے علاقے نہال مہار میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر جانے سے کمرے میں موجود 2 خواتین سمیت 3 افراد ملبے تلے دب گئے، اس دوران مقامی افراد نے ملبہ تلے دبے افراد کو باہر نکالا جس دوران 16سالہ لڑکی صوبیہ جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کی والدہ سمیت 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ادھر ہارون آباد کے علاقے 335ایچ آر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ناصر ولد امیر بخش جاں بحق ہوگیا۔ ہارون آباد سمیت گردونواح کے دیہی علاقہ جات میں تیزہواؤں کیساتھ ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جس کے باعث گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

علاوہ ازیں ننکانہ صاحب اور اس کے گردونواح میں ہونے والی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔