افغان امن کیلیے کوششوں میں تعاون کریں گے، وزیر اعظم

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  جمعرات 22 مارچ 2018
تعلیم، اخلاقیات میں توازن ناگزیر ہے، تقریب سے خطاب، افغان سفیر کی ملاقات۔ فوٹو: فائل

تعلیم، اخلاقیات میں توازن ناگزیر ہے، تقریب سے خطاب، افغان سفیر کی ملاقات۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ افغان امن کیلیے مصالحت کی کوششوں میں پاکستانی تعاون کا اعادہ کیا ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے افغانستان کے سفیر حضرت عمر زاخیل وال نے ملاقات کی۔ وزیراعظم اس موقع پر افغانستان میں افغانوں کی قیادت میں افغانستان کے اپنے امن کیلیے مصالحت کی کوششوں میں پاکستانی تعاون کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کابل میں ایک مزارکے قریب خودکش حملہ کی شدید مذمت کی اور دہشتگردی کی اس بہیمانہ کارروائی میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔

افغان سفیر نے دوطرفہ تعلقات کیلئے وزیراعظم پاکستان کے عزم کو سراہا اور بتایا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی اور افغان قیادت تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ بامعنی رابطوں کی خواہش رکھتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم آفس میں ایک نجی سکول کے زیراہتمام ’’اقدار پرمبنی تعلیم‘‘ کے بارے میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم اور اخلاقیات کے درمیان توازن ناگزیر ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر معروف نجی سکول اور وزیراعظم آفس کے درمیان وزیراعظم یوتھ کنیکٹ پروگرام کے تحت تعلیم کے فروغ کیلئے ایک قرارداد پر دستخط بھی کئے گئے، وزیراعظم آفس کی جانب سے وفاقی سیکرٹری اکبر حسین درانی اور نجی سکول کی جانب سے چیف آپریٹنگ آفیسر شہزاد خان نے قرارداد پر دستخط کئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔