مالاکنڈ ڈسٹرکٹ کے تمام لیویز تھانوں کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کردیا گیا

 جمعرات 22 مارچ 2018
تھانوں کے مابین پوسٹنگ اور ٹرانسفرز بھی نئے رپورٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے ہوں گی، محکمہ اطلاعات۔ فوٹو: فائل

تھانوں کے مابین پوسٹنگ اور ٹرانسفرز بھی نئے رپورٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے ہوں گی، محکمہ اطلاعات۔ فوٹو: فائل

پشاور: خیبر پختونخوا مالاکنڈ ڈسٹرکٹ کے لیویز تھانوں میں ایف آئی آر سمیت تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کردیا گیا۔

محکمہ اطلاعات خیبر پختون خوا کے مطابق چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ کے دفتر میں نئے رپورٹنگ سسٹم کا افتتاح کیا گیا جس کے بعد ایف آئی آر، مال خانہ، روزنامچہ سمیت لیویز کے تمام 25 رجسٹرز کو آن لائن کر دیا گیا۔

محکمہ اطلاعات کے مطابق تمام تر ایف آئی آر، مال خانہ کی تفصیلات آن لائن موجود ہوں گی جس کے باعث ان میں ردوبدل ممکن نہیں ہوگا جب کہ رپورٹنگ سسٹم کے ذریعے تھانوں کے موبائل گاڑیوں کی ٹریکنگ  اور موبائل گاڑیوں کے روٹس، ڈیوٹی کے مقامات اور دیگر تفصیلات مانیٹر کی جائیں گی ساتھ ہی موبائل گاڑیوں کی ٹریکنگ سے ان کے غیر ضروری استعمال کو بھی روکا جا سکے گا۔

محمکمہ اطلاعات کے مطابق تھانوں کے مابین پوسٹنگ اور ٹرانسفرز بھی نئے رپورٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے ہوں گی جب کہ نئے نظام کے تحت عوام پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے لیے آن لائن داخلہ کر سکیں گے جو چند ہی دنوں میں درخواست گزاروں کو فراہم کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔