پشاور میں 5 افراد کے قتل کا ڈراپ سین، قاتل سگا بھائی نکلا

ویب ڈیسک  جمعـء 23 مارچ 2018
ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد ہوا ہے، پولیس ۔ فوٹو: فائل

ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد ہوا ہے، پولیس ۔ فوٹو: فائل

پشاور: چمکنی میں بچوں سمیت 5 افراد کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، مقتول کے سگے بھائی جنید نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرلیا۔

چمکنی میں 5 افراد کے قتل کیس میں پولیس نے قاتل جنید کے بہنوئی عامر کو قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا جس نے قتل کے محرکات اور قاتل جنید کا نام اُگل دیا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم جنید کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے پولیس کے سامنے سگے بھائی یحییٰ، بھابی، بھابی کی بہن اور دو بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

ایس ایس پی چمکنی کا کہنا ہے کہ ملزم جنید نے اعتراف جرم کرلیا ہے، ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد ہوا ہے جب کہ دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم جنید حال ہی میں ترکی سے پاکستان آیا تھا، ملزم کی والدہ اور 2 بہنیں 2011ء سے لاپتا ہیں، ملزم نے الزام لگایا ہے کہ والدہ اور 2 بہنوں کو بھائی یحییٰ نے جائیداد ہڑپ کرنے کے لیے قتل کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔