اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پشاور زلمی پر دھاک بٹھا چکی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 مارچ 2018
باہمی مقابلوں میں دفاعی چیمپئن پر برتری حاصل،7میں سے4 میچز جیتے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

باہمی مقابلوں میں دفاعی چیمپئن پر برتری حاصل،7میں سے4 میچز جیتے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پشاور زلمی پر دھاک بٹھا چکی۔

کراچی میں پی ایس ایل تھری کا فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیں تینوں ایڈیشنز میں ابھی تک 7 مرتبہ مقابل ہوئیں،ان میں سے 4 میچز اسلام آباد یونائیٹڈ اور3 پشاور زلمی نے جیتے۔

پی ایس ایل ون میں دونوں ٹیمیں3بار آمنے سامنے ہوئیں، پشاور نے پہلے لیگ میچ میں 24 رنز، دوسرے میں 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی،کوالیفائر میں اسلام آباد نے 50 رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی اور پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو زیر کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

گزشتہ سال پی ایس ایل ٹو میں دونوں ٹیمیں لیگ میچز میں2مرتبہ مقابل ہوئیں، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت7، دوسرے میں 5 وکٹ سے فتح سمیٹی تھی۔ پی ایس ایل تھری میں دونوں ٹیموں کا 2بار سامنا ہو چکا، پہلے میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم 34 رنز سے فاتح رہی، دوسرے راؤنڈ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 26 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

پشاور زلمی تینوں ایڈیشنز میں مجموعی طور پر 19 فتوحات کیساتھ پی ایس ایل کی کامیاب ترین ٹیم جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 18 فتوحات کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ یوں تیسرے ایڈیشن کا فائنل پی ایس ایل کی ٹاپ 2 ٹیموں کے مابین ہونا ہے، اس مرتبہ فتح کا تاج کس کے سر سجتا ہے اسکا فیصلہ 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔