افغانستان کو ورلڈ کپ میں شرکت کا پروانہ حاصل

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 24 مارچ 2018
کوالیفائرمیں آئر لینڈکیخلاف5وکٹ کی فتح سے ملک میں خوشی کی لہردوڑ گئی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کوالیفائرمیں آئر لینڈکیخلاف5وکٹ کی فتح سے ملک میں خوشی کی لہردوڑ گئی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ہرارے / کابل:  افغانستان نے ورلڈ کپ 2019میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا۔

ورلڈکپ کوالیفائر میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے بہتر آغاز کیا،پورٹر فیلڈ(20)کے آؤٹ ہونے کے بعد ساتھی اوپنر پال اسٹرلنگ نے 55رنزکی اچھی اننگز کھیلی، درمیانی اوورز میں نیل اوبرائن نے 36اورکیون اوبرائن نے قیمتی 41رنز کا اضافہ کیا،باقی بیٹسمین راشد خان و دیگر بولرز کے مقابل کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7وکٹ پر 209کا  مجموعہ حاصل کرپائی، راشد خان3وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے،دولت زدران 2اور محمد نبی ایک شکار کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں افغان اوپنر محمد شہزاد (54)ٹیم کا ٹوٹل 86تک پہنچا کر رخصت ہوئے تو رحمت شاہ (12) کے بعد گلبدین نائب(45)بھی میدان بدر ہوگئے، اس سے ٹیم کی مشکلات بڑھیں،محمد نبی(12) اور سمیع شنواری (27)کے پویلین لوٹنے پر فتح کا سفر مشکل نظر آنے لگا لیکن اصغر استنکزئی 39اور نجیب اللہ زدران 17پر ناقابل شکست رہتے ہوئے آخری اوور کی پہلی گیند پر ٹیم کو 5وکٹ سے سرخرو کرا گئے۔

سیمی سنگھ کی 3وکٹیں کسی کام نہ آئیں، ویسٹ انڈیز کے بعد افغانستان نے دسویں ٹیم کے طور پر ورلڈکپ2019میں رسائی حاصل کرلی،جہاں ٹاپ 8پہلے ہی براہ راست جگہ بنا چکی ہیں۔

یاد رہے کہ افغانستان نے گروپ مرحلے کا صرف ایک میچ جیت کر گرتے پڑتے بڑی مشکل سے سپر6میں جگہ بنائی تھی تاہم اب میگا ایونٹ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

اس فتح نے افغانستان بھر میں خوشی کی لہر دوڑا دی اور کابل میں جشن کا سماں رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔