انٹرنیشنل فٹبال؛ پاکستان رواں برس 4 ایونٹس میں حصہ لے گا

قومی ٹیم کی ایشین گیمز، ساف چیمپئن شپ ، اے ایف سی انڈر 16، 19 ویمنز کوالیفائرر میں شرکت کرے گی۔ فوٹو: فائل

قومی ٹیم کی ایشین گیمز، ساف چیمپئن شپ ، اے ایف سی انڈر 16، 19 ویمنز کوالیفائرر میں شرکت کرے گی۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن کے رواں برس کے تمام انٹرنیشنل اور قومی ایونٹس کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں تاہم سال بھر میں قومی ٹیمیں 4 انٹرنیشنل ایونٹس کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

عدالتی احکامات کے بعد فیصل صالح حیات کی سربراہی پر قائم پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اپنے کام کا باقاعدہ آغاز کر رکھا ہے، ایشین فٹبال فیڈریشن کی طرف سے نہ صرف پی ایف ایف کو تین لاکھ ڈالر کی خصوصی گرانٹ دینے کی منظوری دی گئی ہے بلکہ اے ایف سی کے زیر اہتمام تمام ایشین ایونٹس میں پاکستانی ٹیموں کو شرکت کی نوید بھی سنائی گئی ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کھیل کے کھوئے ہوئے وقار کی بحالی کے لیے رواں برس کا مکمل پلان بنایا ہے جس کے مطابق پاکستانی ٹیم 4 انٹرنیشنل اور 6ڈومیسٹک ٹیموں کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کی صلاحیتوں کا پہلا انٹرنیشنل امتحان 18 اگست سے جکارتہ میں شیڈول ایشین گیمز سے ہوگا،ایشیائی ایونٹ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں18 اگست سے شروع ہو کر 2 ستمبر تک جاری رہے گا۔

صرف 2دن کے بعد ساف چیمپئن شپ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلی جائے گی، یہ ایونٹ 4ستمبر سے 17ستمبر تک جاری رہے گا۔

اے ایف سی انڈر 16 ویمنز کوالیفائرر15 تا 24 ستمبر تک جبکہ اے ایف سی انڈر 19 ویمنز کوالیفائر20 تا 28 اکتوبر تک شیڈول ہے، پاکستان خواتین کی دونوں ٹیمیں ان ایونٹس کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

اسی طرح پاکستان فٹبال فیڈریشن کی طرف سے مجموعی طور پر6ڈومیسٹک ایونٹ رکھے گئے ہیں،نیشنل چیلنج کپ 17اپریل سے شروع ہو کر30 اپریل تک کراچی اور لاہور میں کھیلا جائیگا، نیشنل انڈر 16 ویمنز چیمپئن شپ 5 تا 20 جولائی تک لاہور میں شیڈول ہے،نیشنل انڈر19 ویمنز چیمپئن شپ بھی لاہور میں ہی ہو گی، ایونٹ کے میچز 5اگست سے شروع ہو کر20 اگست تک جاری رہیں گے۔

3 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان پریمیئر لیگ 10 اکتوبر سے شروع ہو کر 31جنوری تک ملک بھر میں جاری رہے گی۔ پی ایف ایف کا پانچواں قومی ایونٹ نیشنل انڈر 15 ہوگا۔ یہ چیمپئن شپ16 تا 30 اکتوبر تک کھیلی جائے گی جبکہ نیشنل ویمنز چیمپئن شپ 15 دسمبر سے30 دسمبر تک شیڈول ہے۔اسی طرح پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 5کورسز اور3 سیمینارز بھی کروانے کا پروگرام بنایا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایف ایف ڈی سرٹیفیکٹ کوچنگ کورس 4 تا 10مئی کو ہوگا، اے ایف سی سی سرٹیفیکٹ کوچنگ کورس  14تا 30 نومبر تک رکھاگیا ہے، پی ایف ایف ریفری کورس 15تا 19 مئی اور 10 تا 14جولائی تک شیڈول ہے۔

ریفری انسٹریکٹر کورس 5 نومبر سے شروع ہو کر8 نومبر تک جاری رہے گا جبکہ فیفا ایم اے ایلیٹ کورس24 تا 29 دسمبر تک ہوگا۔ اسی طرح لیگ لائسنسنگ اور پی پی ایل کلب کوچز اینڈ ٹیکنیکل ڈویلپمنٹ سیمینار 26 تا 30 جولائی تک ہوگا، اسی طرح کارپوریٹ اور پلیئرز، کوچنگ، ریفرشنگ اور مارکیٹنگ سیمینار بھی رواں برس رکھے گئے ہیں۔

ادھر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ  تین سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کی انٹرنیشنل ایونٹس میں انٹری خوش آئند ہے، کھیل کا کھویاہوا وقار دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی۔

پاکستان میں فٹبال کی قومی اور انٹرنیشنل سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کے حوالے سے صدر پی ایف ایف مخدوم فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ 2018میں قومی چیلنج کپ اس سلسلہ کا پہلا ایونٹ ہو گا۔ جس کے بعد اسی سال پاکستان پریمئیر لیگ ،  قومی خواتین فٹ بال چمپئین شپ، ریفری اور کوچنگ کورسز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

بین الاقوامی سرگرمیوں کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس سال پاکستان کی قومی ٹیمیں ساف چمپئین شپ اور ایشئین گیمز کے علاوہ ومینز انڈر 16اور انڈر 19ساف چمپئین شپ میں حصہ لیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔