ویمن ہاکی سے میرا کوئی تعلق نہیں، اصلاح الدین

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 مارچ 2018
سندھ گیمز میں کنوینر بنایا گیا تھا، خواتین کے جھگڑے دیکھ کر عہدہ چھوڑ دیا، سابق قومی کپتان. فوٹو:فائل

سندھ گیمز میں کنوینر بنایا گیا تھا، خواتین کے جھگڑے دیکھ کر عہدہ چھوڑ دیا، سابق قومی کپتان. فوٹو:فائل

 کراچی: سابق قومی کپتان اور چیف سلیکٹر اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے کہا ہے کہ ویمن ہاکی سے میرا کوئی تعلق نہیں، سندھ گیمز کے لیے ویمن ہاکی ایونٹ کے لیے کنوینر بنایا گیا تھا تاہم خواتین کے درمیان جھگڑے دیکھ کر مزید ذمہ داری کی ادائیگی سے معذرت کرلی ہے۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے کہا کہ 5سالہ تعطل کے بعد ہونے والے سندھ گیمز کے ویمن ہاکی ٹورنامنٹ میں سیکریٹری اسپورٹس صوبائی حکومت نیاز عباسی نے مجھے کنوینر کی ذمہ داری تفویض کی تھی، انہوں نے بتایا کہ ایونٹ کیلیے کراچی ویمن ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے میری اکیڈمی پر اوپن ٹرائلز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جب وہاں پر خواتین کے آپس کے جھگڑے دیکھے تو اگلے دن سیکریٹری اسپورٹس سے رجوع کرکے ذمہ داری ادا کرنے سے معذرت ظاہر کی جو انھوں نے ازراہ عنایت قبول کرلی۔

اصلاح الدین نے مزید کہا کہ میرا ویمن ہاکی سے کوئی تعلق نہیں، ماضی میں کوئی تعلق رہا اور نہ ہی مستقبل میں کوئی تعلق ہوگا، اس وقت پی ایچ ایف سے منسلک اور قومی چیف سلیکٹر کی حیثیت سے ذمہ داری ادا کر رہا ہوں،۔

انھوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ویمن ہاکی کے حوالے سے جو میرا نام استعمال کر رہے ہیں، وہ اپنی حد میں رہیں، ویمن ہاکی ایونٹ کے حوالے سے اگر کسی کو تحفظات ہیں تو وہ سیکریٹری اسپورٹس اور کمشنر کراچی سے رجوع کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔