بابائے قوم کے نظریات کو انتہا پسندوں سے خطرہ ہے، آصف زرداری

یوم پاکستان شہید بھٹو کے مخالف رجعت پسندوں کی شکست کا اعلان کا دن ہے، رہنما پیپلز پارٹی۔ فوٹو: فائل

یوم پاکستان شہید بھٹو کے مخالف رجعت پسندوں کی شکست کا اعلان کا دن ہے، رہنما پیپلز پارٹی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد /  لاہور:  پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین، سابق صدرآصف علی زرداری نے 78 ویں یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم سے کہاہے کہ بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کے نظریات کو انتہاپسندوں سے خطرہ ہے۔

آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان کو حاصل کیاہے اس لیے کسی بھی صورت ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ قائداعظم ؒ کے پہلی آئین ساز اسمبلی سے11اگست1947 کے خطاب کو ریاست کیلیے رہنما اصول کے طور پر اپنانے کی کوشش کی جائے۔

سابق صدر نے کہا کہ کثیرالجہتی اور فلاح و بہبود، بلا لحاظ رنگ و نسل اور مذہب کے، سب کا حق ہے اور یہ بات بابائے قوم نے کی ہے کہ ریاست کے کاموں میں مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ ہمارے بابائے قوم کے ان نظریات کیلیے سب سے بڑا خطرہ انتہاپسندوں اور مذہبی جنونیوں سے ہے جنھوں نے اپنی آستینوں میں اپنا مذہب پہنا ہوا ہے اور وہ اپنا قدامت پسند، خواتین دشمن اور غیرمسلم دشمن ایجنڈا ملک پر تھوپنا چاہتے ہیں۔ قائداعظم قانون کی حکمرانی چاہتے تھے لیکن اس وقت کرمنل جسٹس سسٹم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکاہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ اس موقع پر وہ یقین دلاتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کرمنل جسٹس سسٹم کو درست کرنے میں فوقیت سے کام لے گی۔ سابق صدر نے ان لوگوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنھوں نے جمہوریت کی خاطر سختیاں جھیلیں اور جنھوں نے عسکریت پسندوں اور انتہاپسندوں سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ادھر یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ آج بھی ملک میں1940والا جذبہ چاہیے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکے۔ بلاول نے کہاکہ پاکستان کو عظیم ملک اور قائد اعظم ؒ اور علامہ اقبال ؒ کے خواب کی تعبیر کے مطابق عظیم ملک بنانے کیلیے ہمیں آج بھی1940ء والا جذبہ چاہیے۔

دریں اثنا یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میں پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیرحسین بخاری نے کہاکہ پاکستان اور جمہوریت لازم و ملزوم ہیں، بانیانان پاکستان کی فکر اور فلفسے کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور جنرل سیکریٹری چوہدری منظور نے کہا کہ شیری رحمن کا سینیٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونا بے نظیر بھٹو کے وژن کی فتح ہے، پیپلز پارٹی نے ملکی پارلیمانی تاریخ میں ایک نئے رجحان کی بنیاد رکھی ہے۔آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کے رجعت پسند مخالفین کی شکست اور خواتین کی طاقت کے اعلان کا دن ہے۔ پی ٹی آئی کو بھی انداز ہ ہوگیا ہے کہ اس ایوان کو چلانا صرف پیپلزپارٹی ہی جانتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔