اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے متحدہ پاکستان کا کونسلر جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 24 مارچ 2018
دہشت گردوں نے انیس کواس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے گھر کی بیٹھک میں تھے۔ فوٹو: فائل

دہشت گردوں نے انیس کواس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے گھر کی بیٹھک میں تھے۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  اورنگی ٹاؤن میں ایم کیو ایم پاکستان کا یوسی کونسلر نامعلوم نقاب پوش ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔

اقبال مارکیٹ کے علاقے طوری بنگش صدیق اکبر کالونی پولیس چوکی کے قریب گلی میں واقعے مکان کی بیٹھک میں گھس کر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ عمر شاہد اور ایس پی اورنگی ٹاؤن عابد بلوچ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ محمد انیس صدیقی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے یوسی 26 وارڈ 3 کا کونسلر تھا جو کہ گھر کی بیٹھک میں موجود تھا جہاں اس کے پاس لوگ اپنے مسائل کے حوالے سے آتے ہیں اور بیٹھک کا دروازہ گلی میں کھلتا ہے۔ اسی راستے 2 نقاب پوش ملزمان داخل ہوئے جو کہ موٹر سائیکل پر آئے تھے اور بیٹھک میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک گولی انیس صدیقی کے سینے پر لگی اور وہ جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس ذاتی رنجش اور دشمنی سمیت تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان بہادر باد گروپ کی رابطہ کمیٹی نے ڈسٹر کٹ ویسٹ اورنگی ٹاؤن یوسی 26 چشتی نگر کے حق پرست جنرل کو نسلر محمد انیس صدیقی ولد محمد حنیف کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے او ر کہا کہ محمد انیس صدیقی کا قتل گھناؤنی سازش اور شہر کا امن تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ امن دشمن عناصر منظم منصوبہ بندی کے تحت ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں کو عوام کی خدمت کے عمل سے نہ صرف روک رہے ہیں بلکہ انہیں کھلی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بھی بنارہے ہیں۔

انیس صدیقی کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامرخان و اراکین رابطہ کمیٹی فرقان اطیب ،عادل خان عباسی شہید ہسپتال پہنچ گئے، اس موقع پر انتہائی رقت آمیز منظر دیکھنے میں آئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔