سعودی خاتون نے معذور شوہر کے ساتھ وفا کی انوکھی مثال قائم کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 مارچ 2018
میری ماں نے میرے والد کی دیکھ بھال کا طویل عرصہ پوری وفاداری، محبت اور خلوص کے ساتھ گزارا ہے۔بیٹا؛ فوٹوانٹرنیٹ

میری ماں نے میرے والد کی دیکھ بھال کا طویل عرصہ پوری وفاداری، محبت اور خلوص کے ساتھ گزارا ہے۔بیٹا؛ فوٹوانٹرنیٹ

ریاض: سعودی عرب میں ایک معذور شوہر کے ساتھ اس کی اہلیہ کی وفا اورمحبت نے انوکھی مثال قائم کردی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق رواں ماہ ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک مریض کو اسپتال کے بستر پر لیٹا دیکھاجاسکتا ہے جب کہ اس کے پہلو میں اس کی غم سے نڈھال اور صدمے سے چور بیوی بیٹھی ہوئی ہے۔تصویر میں نظر آنے والا شخص گزشتہ 25 سال سے بستر پر پڑا ہے اور اس کی بیوی دل و جان سے اپنےشوہر کی خدمت میں مصروف ہے۔  ایک معذور شخص کے ساتھ اس کی اہلیہ کے 25 سال پرمحیط وفا اورمحبت کے واقعے نےسوشل میڈیا پر نئی ہلچل مچاد ی ہے۔

معذور شخص کے بیٹے ہتان جمال العسلی نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ان کے والد گزشتہ 25 سال سے بستر علالت پر موجود ہیں اور ان کی والدہ اپنے شوہر کی دیکھ بھال میں دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ ہتان نے کہا سوشل میڈیا پر لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے والی تصویر آج سے 10 سال پرانی ہے تاہم انہوں نےماں کے عالمی دن کے موقعے پر یہ تصور ٹوئٹر پر شیئر کی تھی جس کے بعد عوامی سطح پر میرے والدین کے ساتھ غیر معمعلی ہمدردی کا اظہار کیاگیا۔

ہتان نے مزید کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ میری ماں نے میرے والد کی دیکھ بھال کا طویل عرصہ پوری وفاداری، محبت اور خلوص کے ساتھ گزارا ہے۔ہم پانچ بہن بھائی ہیں جن میں چار بہنیں اور میں اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہوں میری ماں سب کی دیکھ بھال کرتی ہیں مگر انہوں نے ہمارے والد کی دیکھ بھال میں پچھلے 25 سالوں کے دوران ایک بھی ناغہ نہیں کیا۔ انہوں نے اپنی والدہ کی خدمات کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طویل عرصے سے میرے نیم مردہ والد کی دیکھ بھال کا انتہائی مشکل سفر کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔