خصوصی افراد کے لیے ایموجیز متعارف

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 مارچ 2018
ایپل نے خصوصی افراد کے لیے ایموجیز متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ فوٹو : سوشل میڈیا

ایپل نے خصوصی افراد کے لیے ایموجیز متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ فوٹو : سوشل میڈیا

کیلی فورنیا: ایپل نے سماعت، بصارت اور چلنے پھرنے کی صلاحیت سے محروم افراد کی ترجمانی کے لیے خصوصی ایموجیز تجویز کردی ہیں۔

معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کل 16 ایموجیز تجویز کی ہیں جنہیں رنگ اور مختلف انداز کے فرق سے گنا جائے تو یہ گنتی 45 تک جا پہنچتی ہے۔ ان ایموجیز میں آلہ سماعت، ویل چیئر پر بیٹھا شخص، راستوں کی رہنمائی کرنے والا کتا اور مصنوعی بازو بھی شامل ہیں، ایپل نے یہ ایموجیز ’یونی کوڈ‘ کو منظوری کے لیے بھیج دی ہیں۔

ان ایموجیز کو آئندہ منعقد ہونے والی یونی کوڈ ٹیکنیکل کمیٹی کی اہم میٹنگ میں رکھا جائے گا اگر ان تجاویز کو قبول کرلیا جاتا ہے تو ان ایموجیز کو شارٹ لسٹ میں شامل کرلیا جائے گا اور 2019ء کے وسط میں جاری کردیا جائے گا کیوں کہ 2018ء کے لیے فہرست مکمل ہوچکی ہے یوں ان ایموجیز کو آئندہ سال کے وسط میں استعمال کیا جا سکے گا۔

https://twitter.com/Emojipedia/status/977228909916884999

ایپل نے یہ ایموجیز بصارت سے محروم افراد کی امریکی کونسل، فالج میں مبتلا افراد کی فاؤنڈیشن اور سماعت سے محروم افراد کی قومی ایسوسی ایشن کی مشاورت سے ڈیزائن کی ہیں۔ سوشل میڈیا پر تفصیلات سامنے کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے ان ایموجیز کو سراہا ہے جب کہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ 2019ء کے وسط تک کا انتظار نہایت کٹھن رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔