انجری کا شکار مصباح الحق کی پی ایس ایل فائنل میں شرکت مشکوک

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 24 مارچ 2018
کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہونے والی ٹیم فائدہ میں رہے گی، کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ جے پی ڈومنی فوٹو:فائل

کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہونے والی ٹیم فائدہ میں رہے گی، کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ جے پی ڈومنی فوٹو:فائل

 کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کی شرکت مشکوک ہوگئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان جے پی ڈومنی نے کہا کہ فائنل کیلیے پوری طرح تیار ہیں، کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہونے والی ٹیم فائدہ میں رہے گی، کراچی آکر اچھا محسوس کر رہا ہوں، ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، فائنل کیلیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور پشاور زلمی کے خلاف جیتنے کی کوشش کریں گے، کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہونے والی ٹیم فائدے میں رہے گی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر اینڈ ڈویلپمنٹ وقار یونس نے کہا کہ کامران اکمل کو جلد آﺅٹ کرنے کی کوشش کریں گے، مصباح کی شمولیت کا حتمی فیصلہ میچ سے قبل فٹنس جانچنے کے بعد ہوگا، انجری کا شکار مصباح الحق کی فائنل میں شمولیت مشکوک ہے، میچ سے قبل فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ حسین طلعت اور آصف علی بہت باصلاحیت کرکٹرز ہیں، پشاور زلمی کے ان فارم اوپنر کامران اکمل کو جلد آﺅٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

وقار یونس نے کہا کہ پی ایس ایل کا پہلے لاہور اور پھر کراچی آنا خوش آئند ہے، کراچی کے شہری کرکٹ سے پیار کرنے والے ہیں، کافی عرصے سے کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوئی، فائنل کیلیے کراچی کے عوام میں زبردست جوش و خروش ہے، فائنل کیلیے پچ اچھی لگ رہی ہے اور موسم بھی بہتر ہے، بڑا اسکور متوقع ہے، تمام کھلاڑی کراچی میں بھرپور پرفارمنس دینے کیلیے بیتاب ہیں، امید ہے فائنل میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔