انضمام الحق کم درجے کے پاسز ملنے پر برہم ہوگئے

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  اتوار 25 مارچ 2018
ایکریڈیشن کارڈکے لیے اشرافیہ،مراعات یافتہ طبقہ اور اعلیٰ حکام کا تانتا لگ گیا۔ فوٹو: فائل

ایکریڈیشن کارڈکے لیے اشرافیہ،مراعات یافتہ طبقہ اور اعلیٰ حکام کا تانتا لگ گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق پی ایس ایل تھری فائنل کے کم درجے کے پاسز ملنے پر برہم ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں مقیم بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو نیشنل اسٹیڈیم کے فرسٹ کلاس ٹکٹ پیش کیے گئے جس پر وہ مبینہ طور پر سخت غصہ میں آگئے اور ملنے والے ٹکٹ ٹیبل پر پھینک دیے ، ان کا کہنا تھا کہ میں چیف سلیکٹر ہوں اور میرے لیے فرسٹ کلاس انکلوژر کے ٹکٹ قابل قبول نہیں۔

دریں اثنا ایکریڈیشن کارڈکیلیے اشرافیہ،مراعات یافتہ طبقہ اور اعلیٰ حکام کا تانتا لگ گیا، لاہور سے خصوصی طور پر آنے والا بورڈ کا عملہ ہفتے کی شب تک کارڈز بنانے کا کام کرتے رہا۔

اس کے ساتھ بھاری تعداد میں جنرل، فرسٹ کلاس، پریمیئر اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹس بھی تقسیم کیے جانے کا عمل تواتر کے ساتھ جاری رہا، انتہائی اہم ترین شخصیات اور ان کے اہل خانہ کیلیے اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کیساتھ دونوں جانب قائم 15،15 ہوسپیٹلیٹی باکس بھی الاٹ کیے گئے ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ مرکزی عمارت میں قائم چیئرمین اے اور بی باکس ناقابل استعمال قرار دیے جانے کے باوجود زیر استعمال رہیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔