پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے بھارت سے بھی آوازیں بلند

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 25 مارچ 2018
شعیب اختر نے بھی پڑوسی ممالک کے درمیان باہمی میچز کی پُرزور تائید کردی۔ فوٹو: فائل

شعیب اختر نے بھی پڑوسی ممالک کے درمیان باہمی میچز کی پُرزور تائید کردی۔ فوٹو: فائل

دبئی: پاکستان کیخلاف سیریز کیلیے بھارت سے بھی آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئیں۔

دبئی میں ایک اسپورٹ مارکیٹنگ کمپنی کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق بھارتی اوپنر وریندرسہواگ اور پاکستان کے شعیب اختر شریک ہوئے، دونوں نے اس بات پراتفاق کیاکہ پاکستان اور بھارت میں باہمی کرکٹ مقابلے شروع ہونے چاہئیں۔

سہواگ نے کہاکہ بطور پلیئرز ہم لوگ امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت میں سیریز ہونی چاہیے، اگر یہ دونوں ممالک میں نہیں ہوسکتی تو پھر اسے کسی اور جگہ منعقد ہونا چاہیے، چیمپئنز ٹرافی میں دو مرتبہ پاک بھارت ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں اور دونوں ہی مرتبہ نہ صرف اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا بلکہ کروڑوں ناظرین ٹی وی پر ان میچز سے لطف اندوز ہوئے۔

سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ اگر روایتی حریفوں میں مقابلے جاری رہتے ہیں تو یہ خود کرکٹ کیلیے بہت اچھا ہوگا، انھوں نے آئندہ برس انگلینڈ میں ہی شیڈول ورلڈ کپ کیلیے اپنی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا۔

دوسری جانب شعیب اختر نے کہاکہ پڑوسی ممالک میں سیریز نہ ہونے پر میں کافی مایوس اور مجھے نئی نسل سے ہمدردی ہے جو سنسنی خیز میچز سے محروم ہیں، مگر یہ دنیا ایسی ہی ہے اور ہم اس میں رہتے ہوئے کچھ کرنہیں سکتے ہیں، مجھے امید ہے کہ ایک دن دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے اور ہم ایک دوسرے کے خلاف کھیل پائیں گے، ہمارے بھی کھلاڑی آئی پی ایل کا حصہ بنیں گے اور وہاں کے پلیئرز پی ایس ایل کھیلنے آئیں گے، یہ دونوں ہی ممالک کے لیے بہترین صورتحال ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔