اسٹیٹ بینک کی10 ہزار روپے کا نوٹ جاری کرنے کی افواہوں کی تردید

بزنس ڈیسک  اتوار 25 مارچ 2018
اسٹیٹ بینک سے منسلک کسی بھی خبر کی توثیق اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا کے پیجز سے کی جا سکتی ہے، اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک سے منسلک کسی بھی خبر کی توثیق اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا کے پیجز سے کی جا سکتی ہے، اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

کراچی: بینک دولت پاکستان نے واضح طور پر 10 ہزار روپے کا بینک نوٹ جاری ہونے کے بارے میں سوشل میڈیا کے ایک حلقے میں گردش کرنے والی خبر کی تردید کی ہے۔

جمعہ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق موجودہ مالیت کے بینک نوٹ اطمینان بخش طریقے سے ادائیگی، چکتائی سمیت معیشت کی دیگر منسلک ضروریات کو پورا کر رہے ہیں، لہذا بلند مالیتوں کے بینک نوٹ جاری کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

اعلامیے کے مطابق عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ ایسی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور بینک نوٹوں کے بارے میں کسی بھی خبر کے مصدقہ ہونے کے متعلق اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ اور اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر چیک کر لیں۔ اسٹیٹ بینک باقاعدگی سے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا کے پیجز کو اپڈیٹ کرتا ہے اور اسٹیٹ بینک سے منسلک کسی بھی خبر کی توثیق ان ذرائع سے کی جا سکتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔