شائقین کے جوش وخروش نے فائنل کو یادگار بنا دیا

پاکستان زندہ باد کے نعرے فضا میں گونجتے رہے، دیگر شہروں میں بھی جشن کی فضا۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان زندہ باد کے نعرے فضا میں گونجتے رہے، دیگر شہروں میں بھی جشن کی فضا۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی / لاہور: کراچی میں کرکٹ کے بحالی کا جشن پاکستان بھر میں منایا گیا جب کہ شہر قائد کے باسیوں نے جوش وخروش سے پی ایس ایل تھری کے فائنل کو یادگار بنا دیا۔

کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی آمد نہ صرف شہر میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی بلکہ یہاں کرکٹ کی بحالی کا جشن پاکستان بھر میں منایا گیا، پی ایس ایل فائنل کے دوران شہر قائد کے باسیوں کا جوش وخروش دیدنی تھا۔

اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے کئی شائقین نے پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی شرٹس زیب کیں،چہروں پر پاکستانی پرچم اور پسندیدہ ٹیموں کے رنگ بھی پینٹ کرائے،سینکڑوں شائقین نے خیرمقدمی بینرز کے ساتھ اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے پوسٹرز بھی اٹھارکھے تھے، اسٹینڈز میں بھی کسی موقع پر جوش و جذبہ کم نہیں ہوا، پاکستان زندہ باد کے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔

لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی پی ایس ایل فائنل کا بخار نظر آیا، بیشتر سینما گھروں سمیت مختلف مقامات پر بڑی اسکرینز نصب کرکے فیصلہ کن میچ دیکھنے کا اہتمام کیا گیا،شائقین قومی کرکٹ ٹیم،پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی شرٹس میں ملبوس ہوکر کراچی میں کرکٹ میں واپسی کا جشن مناتے رہے۔

اس دوران موسیقی اور باربی کیو سمیت کھانے پینے کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا تھا،گھروں میں بھی کئی فیملیز اور دوستوں نے دعوتوں کا اہتمام کرتے ہوئے میچ دیکھنے کیلیے خصوصی تیاری کررکھی تھی،دونوں فائنلسٹ ٹیموں کے سپورٹرز میں بحث و تکرار اور فتح کے دعووں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔