نواب شاہ میں کشتی الٹنے سے 6 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 29 مارچ 2018
کشتی نواب شاہ میں تفریح کے لیے بنائی گئی مصنوعی جھیل میں الٹی، ہلاک ہونے والوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے،فوٹو: فائل

کشتی نواب شاہ میں تفریح کے لیے بنائی گئی مصنوعی جھیل میں الٹی، ہلاک ہونے والوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے،فوٹو: فائل

نواب شاہ: سندھ کے شہر نواب شاہ میں واقع مصنوعی جھیل میں کشتی الٹنے سے 6 افراد ڈوب کر ہلاک گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواب شاہ بائی پاس کے پاس بنائی گئی مصنوعی جھیل میں کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں خواتین، بچوں سمیت 20 افراد سوار تھے۔ امدادی اداروں کے مطابق کشتی الٹنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائی شروع کردی گئیں اور متعدد افراد کو بچالیا گیا تاہم 6 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کردی گئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی احمد یار خان اور ایس ایس پی ساجد سدوزئی اسپتال پہنچ گئے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

دریں اثنا گورنر سندھ محمد زبیر نے کشتی اُلٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کمشنر شہید بے نظیر آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر نے لواحقین سے اظہار تعزیت اور جاں بحق افراد کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔