ترقی پذیر ایشیا میں رواں سال نمو 6.6 فیصد رہے گی، اے ڈی بی

اے ایف پی  بدھ 10 اپريل 2013
جنوبی ایشیا کی گروتھ میں تیزی آئے گی، بھارت 6، چین 8.2 فیصد کی رفتار سے ترقی کریگا۔  فوٹو: فائل

جنوبی ایشیا کی گروتھ میں تیزی آئے گی، بھارت 6، چین 8.2 فیصد کی رفتار سے ترقی کریگا۔ فوٹو: فائل

ہانگ کانگ:  ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ خطے کی ابھرتی معیشتیں رواں سال بحالی کی جانب گامزن ہوں گی تاہم یورو زون بحران اور مختلف علاقوں میں کشیدگی کے باعث یہ بحالی کمزور ہوگی۔

چین معاشی نمو میں اضافے اور جنوبی مشرقی ایشیا ٹھوس گروتھ کے ساتھ اس بحالی میں آگے ہوں گے۔ گزشتہ روز جاری ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک نامی رپورٹ میں اے ڈی بی نے کہاکہ 45 ممالک پر مشتمل ترقی پذیرایشیا کا رواں سال گروتھ ریٹ 6.6 فیصد رہے گا جبکہ 2014 میں معاشی ترقی کی رفتار بڑھ کر 6.7فیصد ہوجائے گی جو سال 2012میں 6.1 فیصد تھی۔

چین کا گروتھ ریٹ 7.8 سے بڑھ کر رواں سال 8.2 فیصد ہو جائے گا، جنوبی ایشیا کی گروتھ میں بھی تیزی آئے گی، بھارت کی نمو رواں سال 6 فیصد رہنے کی امید ہے، جنوب مشرقی ایشیا کی نمو 5.4 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ بینک کے مطابق رواں سال خطے میں افراط زر کی شرح 4 فیصد اور آئندہ سال 4.2 فیصد رہے گی جو سال 2012 میں 3.7 فیصد تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔