بنگلے پر چھاپہ، آئی پی ایل میچز پر جوا کھلانے والے 3 بکیز گرفتار

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 10 اپريل 2013
چھاپے کے دوران بنگلے سے پولیس نے 3 بکیز کاشف کھوکھر، فدا حسین ملاح اور انیل دیوان کو گرفتار کیا ہے، جبکہ ان کے2 ساتھی فرار ہو گئے۔

چھاپے کے دوران بنگلے سے پولیس نے 3 بکیز کاشف کھوکھر، فدا حسین ملاح اور انیل دیوان کو گرفتار کیا ہے، جبکہ ان کے2 ساتھی فرار ہو گئے۔

حیدرآباد: کینٹ پولیس نے ڈیفنس کے ایک بنگلے میں چھاپہ مار کر انڈین پریمیئر لیگ کرکٹ میچزپر آن لائن جوا کھلانے والے3 عالمی بُکیز کو گرفتار کر کے2 درجن سے زائد ٹیلی فون سیٹ اور دیگر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

اے ایس پی کیپٹن ریٹائرڈطارق ولایت نے اپنے دفترمیں ایس ایچ او غلام حیدر پنہور کے ہمراہ میڈیا کو پکڑے گئے عالمی بکیز سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو  ڈیفنس کے ایک بنگلے میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ملی، جس پر ہمیں شبہ ہوا کہ کہیں  یہاں الیکشن کو سبوتاژ کرنیکی منصوبہ بندی تو نہیں کی جا رہی۔ پولیس نے کارروائی کی تو انکشاف ہوا کہ وہاں سے انڈیا میں کھیلے جا رہے آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ میں جوئے کا منظم نیٹ ورک چلایا جا رہا ہے۔ چھاپے کے دوران بنگلے سے پولیس نے 3 بکیز کاشف کھوکھر، فدا حسین ملاح اور انیل دیوان کو گرفتار کیا ہے، جبکہ ان کے2 ساتھی فرار ہو گئے۔

بنگلے سے 26 ٹیلی فون سیٹ، بین الاقوامی بڑی ڈش، 3 ریسیور، ایک ایل سی ڈی سمیت تین ٹی وی، ٹیپ ریکارڈر اور تین ریکارڈنگ کیسٹ ملی ہیں، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بتایا کہ ان کے پورے سندھ میں ایجنٹ ہیں، جن کے نام انھوں نے ہر ٹیلی فون سیٹ پر تحریر کر رکھے ہیں جو کہ ہمیں جوئے کی رقم آن لائن بھجواتے ہیں اور اسی طرح جیتنے پر ہم بھی رقم آن لائن ٹرانزیکشن کرتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہاں سے ملنے والے تحریری ریکارڈ کے مطابق حالیہ آئی پی ایل سیریز کے دوران وہ4کروڑ،23 لاکھ سے زائد کا جوا کھلا چکے ہیں، جب کہ ہمیں شبہ ہے کہ یہ بکیز کے عالمی نیٹ ورک سے منسلک ہیں اور اب تک یہ کروڑوں روپے کا جوا کھلا چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔