چیمپئنز لیگ؛ بارسلونا کو آج پی ایس جی کا چیلنج درپیش

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 10 اپريل 2013
یوونٹس کیخلاف بائرن بھی جیت کا عزم لیکر میدان میں اتریگی، جرمن سائیڈ کو پہلے مرحلے میں 0-2 سے برتری حاصل۔    فوٹو: فائل

یوونٹس کیخلاف بائرن بھی جیت کا عزم لیکر میدان میں اتریگی، جرمن سائیڈ کو پہلے مرحلے میں 0-2 سے برتری حاصل۔ فوٹو: فائل

بارسلونا: یوئیفا چیمپئنز لیگ کوارٹر فائنل سیکنڈ لیگ میں بدھ کو بارسلونا کی ٹیم فرنچ سائیڈ پیرس سینٹ جیریمن ( پی ایس جی) کی میزبانی کرے گی جبکہ جرمن سائیڈ بائرن میونخ اور یوونٹس کی ٹیمیں بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے برسرپیکار ہوں گی۔

بائرن نے فرسٹ لیگ میں 0-2 سے کامیابی حاصل کررکھی ہے، بارسلونا کے مڈفیلڈر زاوی ہرنانڈز کو  قوی امید ہے کہ ہوم گرائونڈ پر ملنے والی سپورٹ ہماری ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں مددگار ہوگی، اسپین کے انٹرنیشنل اسٹار کو بارسلونا نے ہفتے کی شب مالورکا کیخلاف 0-5 سے ملنے والی کامیابی میں آرام دیا تھا تاہم وہ بدھ کی شب پی ایس جی کیخلاف پلیئنگ الیون میں شامل کیے  جائیں گے۔

بارسلونا نے گذشتہ ہفتے پیرس میں منعقدہ کوارٹر فائنل کے فرسٹ لیگ کو 2-2 سے برابر کھیلا تھا، تاہم اس مرتبہ بارسلونا بہتر نتائج دیکر فائنل فور میں پہنچنے کے لیے زیادہ پراعتماد ہے، بارسلونا کی جانب سے شائقین فٹبال کو لیونل میسی جبکہ فرنچ ٹیم کے انگلش اسٹار ڈیوڈ بیکھم کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

میسی گذشتہ میچ میں انجرڈ ہوگئے تھے تاہم اس میچ کے لیے انھوں نے بطور متبادل میدان میں آنے کیلیے کمر کس لی ہے، بارسلونا ایک مرتبہ پھر ویمبلے گرائونڈ میں فائنل کھیلنے کے لیے واپس آنا چاہتی ہے جہاں پر اس نے 2011 میں مانچسٹریونائیٹڈ کو شکست دیکر یورپین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ 1992 میں سمپورڈیا کیخلاف جیت نے انھیں ٹائٹل کا حقدار بنوایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔