بارش سے سبزی منڈی میں کیچڑ، گندگی کے ڈھیر لگ گئے

بزنس رپورٹر  بدھ 10 اپريل 2013
سبزی منڈی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث سڑکوں پر برساتی پانی اور کیچڑ جمع ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

سبزی منڈی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث سڑکوں پر برساتی پانی اور کیچڑ جمع ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: کراچی میں پیر کی صبح ایک گھنٹے کی موسلادار بارش نے سپرہائی وے پر واقع سبزی وفروٹ منڈی کو کیچڑ اوردلدل منڈی میں تبدیل کردیا ہے۔

جبکہ مارکیٹ کمیٹی اوردیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے24 گھنٹے گزرنے کے باوجود منڈی میں صفائی وستھرائی کا کام شروع نہ ہوسکا ہے جس کے باعث گزشتہ 2روز سے منڈی میں کاروباری سرگرمیاں50 فیصد سے بھی گھٹ گئی ہیں، فلاح انجمن ہول سیل ویجیٹیبل مارکیٹ کے صدر حاجی شیخ شاہ جہاں نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ منڈی کے بیوپاری سالانہ کروڑوں روپے مالیت کے ٹیکسوں کی ادائیگیاں کرتے ہیں۔

 

لیکن ایشیا کی اس سرفہرست سبزی وفروٹ منڈی کا عام دنوں میں بھی کوئی پرسان حال نہیں جبکہ صرف معمولی بارش کے بعد بھی متعلقہ ذمے داروں کی جانب سے منڈی کی سرگرمیوں کو معمول پر لانے کے لیے بھی کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جو انتہائی تشویشناک امر ہے،  انھوں نے بتایا کہ کراچی کی سبزی وفروٹ منڈی گردنواح کے علاقوں اور شہر کی2 کروڑ سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی کو تازہ سبزی اور پھل کی ترسیل کا واحد ذریعہ ہے جہاں گزشتہ دو روز سے کیچڑ اور گارے کے ڈھیرلگ گئے ہیں، بارش کے رکے ہوئے گندہ پانی، سڑے ہوئے پھل وسبزیوں کے امبارکی نکاس کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے منڈی میںتعفن پھیل گیا ہے۔

سبزی منڈی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث سڑکوں پر برساتی پانی اور کیچڑ جمع ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

تعفن اور بدبو کی وجہ سے منڈی میں کام کرنے والے بیوپاری اورمزدور بری طرح متاثر ہیں جبکہ خریداروں کی آمد بھی گھٹ گئی ہے، منڈی کے جل تھل صورتحال کی وجہ سے مزدور طبقہ اور بیوپاری منڈی میں نقل وحمل کے لیے لانگ شوز پہننے پر مجبور ہوگئے ہیں، ’’ایکسپریس‘‘ سروے کے مطابق پیر کی بارش کے بعد منڈی کی سنگین صورتحال کے سبب سبزیاں اور پھل آلودگی کا شکار ہورہے ہیں۔

سبزی منڈی کے بیوپاریوں نے نگراںصوبائی وزیرزراعت سے اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لینے باالخصوص نگراں کابینہ میں شامل تاجربرادری کے نمائندہ نگراں وزرا ومشیران سے بھی فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے، حاجی شیخ شاہ جہاں نے کہا ہے کہ وزارت زراعت سبزی وفروٹ منڈی میں مستقل بنیادوں پر صفائی ستھرائی کا سخت حکمنامہ جاری کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔