الیکشن میں ریٹائرڈ پولیس افسران و اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنیکا فیصلہ

راحیل سلمان  بدھ 10 اپريل 2013
حکومت سندھ سے 3 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ طلب،سندھ پولیس نے سیکیورٹی پلان کی تیاری شروع کردی. فوٹو: فائل

حکومت سندھ سے 3 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ طلب،سندھ پولیس نے سیکیورٹی پلان کی تیاری شروع کردی. فوٹو: فائل

کراچی: عام انتخابات کے دوران سندھ پولیس نے 10 ہزار ریٹائرڈ پولیس افسران و اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس سلسلے میں حکومت سندھ سے 3 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ بھی طلب کی گئی ہے لیکن تاحال حتمی منظوری نہیں دی گئی ہے ، تفصیلات کے مطابق 11 مئی کو ہونے والے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کے تحت سندھ پولیس نے سیکیورٹی پلان کی تیاری شروع کردی ہے ، سندھ پولیس انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے موثر اور ٹھوس حکمت عملی میں مصروف ہے۔

اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس پُر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے انتہائی سنجیدہ کوششیں کرتے ہوئے افرادی قوت بڑھانے کی تگ و دو میں مصروف ہے اور اس ضمن میں ریٹائرڈ افسران و اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ، انتہائی باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ عام انتخابات کے دوران سندھ پولیس نے 10 ہزار ریٹائرڈ پولیس افسران و اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم حتمی منظوری ابھی نہیں مل سکی۔

 

ذرائع نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ اس سلسلے میں سندھ پولیس فائونڈیشن سے بھی مدد طلب کی جاسکتی ہے اور افرادی قوت کی کمی پوری کرنے کے سلسلے میں بات چیت کا آغاز کردیا گیا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ 10 ہزار افراد کی خدمات 3 روز 10 مئی ، 11 مئی اور 12 مئی کے لیے حاصل کی جائیں گی ، مذکورہ 3 روز کے لیے ان کی خدمات کے معاوضے اور دیگر اخراجات کے لیے سندھ پولیس نے سندھ حکومت کو 3 کروڑ روپے کی سمری ارسال کردی۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فوری طور پر منظوری نہیں دی گئی اور اخراجات میں کمی کرنے کا کہا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں فی کس 300, 500,1000 روپے دینے پر غور جاری ہے لیکن چونکہ اخراجات کی مد میں خصوصی گرانٹ میں کٹوتی کا کہا گیا ہے جس کے باعث ان افراد کو دیے جانے والے معاوضے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔