نواز شریف کے بعد امین فہیم اور قائم علی شاہ کے کاغذات بھی چیلنج

این اے48سے سابق صدرکی اپیل خلاف قواعد ہونے پر ناقابل سماعت قرار،این اے53سے چوہدری نثار کی نااہلیت کیخلاف اپیل منظور فوٹو: فائل

این اے48سے سابق صدرکی اپیل خلاف قواعد ہونے پر ناقابل سماعت قرار،این اے53سے چوہدری نثار کی نااہلیت کیخلاف اپیل منظور فوٹو: فائل

لاہور ہائیکورٹ کے 5 الیکشن ٹربیونلز کے روبرو پنجاب بھر سے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف 320 اپیلیں دائر کر دی گئیں جبکہ سندھ میں بھی کاغذات نامزدگی کی منظوری اور مسترد کیے جانے کیخلاف اپیلوں پر کارروائی کی گئی۔

منگل کومسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں نوازشریف سمیت خواجہ آصف، راجہ غضنفر، عائشہ احد ملک، عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف اپیلیں دائر کی گئیں جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار امتیاز صفدروڑائچ سمیت106 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے اقدام کیخلاف ٹریبونل میں اپیلیں کیں۔ جسٹس خواجہ امتیاز احمد اورجسٹس خالد محمود خان پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے سماعت کی۔ ن لیگ کے رانا مشہود کیخلاف 2اپیلیں واپس لے لی گئیں جبکہ رانا تنویر اور رانا علی اصغر کی درخواستوں کی سماعت 12اپریل تک کیلیے ملتوی کر دی گئی۔

جسٹس ناصر سعید شیخ اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بینچ نے35 اپیلوں کی سماعت کی جن میں سے 17کو مسترد، 3کو سماعت کیلیے منظور جبکہ 14اپیلوں کو 12اپریل تک کیلیے ملتوی کیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں بھی اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جنرل(ر)پرویز مشرف کے این اے 250سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف تاحال اپیل دائر نہیں کی گئی، آج (بدھ کو) اپیلیں دائر کرنے کا آخری دن ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں منگل تک 58اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ پی ایس 114کراچی شرقی سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف خواجہ سراعبدالعزیزعرف بندیا رانا نے اپیل دائر کی کہ وہ صادق اور امین ہے، ریٹرننگ افسر نے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کی عدم موجودگی کے باعث کاغذات مسترد کیے۔

این اے 218مٹیاری سے عبدالرزاق میمن نے مخدوم امین فہیم اور انکے صاحبزادے مخدوم جلیل الزماں، سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو بھی چیلنج کر دیا گیا۔ این اے 131جامشورو سے پیپلز پارٹی کے ملک اسد سکندر کے کاغذات بھی چیلنج ہوگئے۔ پشاور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل میں بھی متعدد اپیلیں دائر کی گئی ہیں،ٹریبونل کے سربراہ جسٹس احمد علی شیخ نے متعدد اپیلوں پر نوٹس جاری کر دییے۔لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونلز نے جن امیدواروں کی اپیلوں کو مسترد کیا گیا ان میں گوجرانوالہ سے مسلم لیگ(ن) کے رہنما سابق وفاقی وزیر عثمان ابراہیم ہیں، عثمان ابراہیم اپنے اثاثہ جات کی تفصیل پیش نہ کر سکے۔

 

الیکشن ٹریبونل نے این اے 166پاکپتن سے پروفیسر مظفر نور، پی پی 193اوکاڑہ سے ملک غضنفر، این اے 106گجرات سے عظمیٰ شوکت، پی پی 224سے انیس الرحمن، پی پی 126سیالکوٹ سے قیصر محمود،پی پی 186اوکاڑہ ڈاکٹر سلیم اختر، پی پی91گوجرانوالہ سے چوہدری عتیق الرحمان، این اے 95گوجرانوالہ سے چودھری عمران اللہ، صوبائی اسمبلی کے حلقہ 186اوکاڑہ سے سبطین خان سمیت چوہدری حلیم اختر، عثمان، جاوید سہیل، وقاص احمد بٹ، نعیم اختر، علی اصغر، غلام اویس کی اپیلوں کو مسترد کر دیا۔ پی پی 91سے اظہر محمود، پی پی134نارووال سے عباداللہ خان اور پی پی92سے نواز چوہان کی اپیلوں کو باقاعدہ منظور کر لیا گیا۔

پنجاب سے الیکشن لڑنے والے درجنوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کیا گیا ہے۔این اے 119لاہور سے بلال یسین نے عائشہ احد ملک کے کاغذات نامزدگی کی منظور ی کیخلاف اپیل دائر کی ہے۔ این اے 120 لاہور سے پیر علی عمران نے میاں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا ہے۔جسٹس خواجہ امتیاز احمد کی سربراہی میں قائم الیکشن ٹریبونل نے آئی بی کے سابق سربراہ اعجاز شاہ کے این اے 137 ننکانہ صاحب سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کیخلاف دائر اپیل واپس لیے جانے کی بناء پر نمٹا دی۔این اے48سے سابق صدر پرویز مشرف کی اپیل قواعد کے مطابق دائر نہ ہونے پر ناقابل سماعت قرار دیدی گئی، این اے 55سے شیخ رشید احمد سمیت 5امیدواروں پر اعتراضات مسترد کر دیے گئے۔

این اے53سے ن لیگ کے امیدوار چوہدری نثار علیخان کی نااہلیت کیخلاف اپیل سماعت کیلیے منظور کر لی گئی۔ این اے 71میانوالی سے آزاد امیدوار انعام اللہ خان نیازی کو بنک ڈیفالٹر ہونے کے باوجود کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف دائر اپیل پر انعام اللہ نیازی کو نوٹس اور ریٹرننگ افسر سے آج جواب طلب کر لیا گیا ۔کراچی سمیت سندھ کے 3 ڈویژنز سے 58 اپیلیں دائر کر دی گئی ہیں، پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر مخدوم امین فہیم، انکے صاحبزادے اور متبادل امیدوار مخدوم جلیل الزماں، ملک اسد سکندر اور خواجہ سرا عبدالعزیز عرف بندیا رانا کی اہلیت سے متعلق بھی انتخابی عذرداریاں دائر کی گئی ہیں جبکہ الیکشن اپیلٹ ٹریبونل نے این اے 251سے جماعت اسلامی کے امیدوار راجا عارف سلطان سمیت5 اپیلوں پر الیکشن کمیشن کو 11اور 12اپریل کیلئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔