چیف جسٹس نے پنجاب میں صحافی ذیشان بٹ کے قتل کا نوٹس لے لیا

27 مارچ کو سمڑیال میں نجی اخبار کے صحافی ذیشان بٹ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا


ویب ڈیسک April 04, 2018
27 مارچ کو سمڑیال میں نجی اخبار کے صحافی ذیشان بٹ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے ضلع سیالکوٹ کی تحصیل سمڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کے قتل کا نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سمڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹے میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ چیف جسٹس نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی درخواست پر یہ نوٹس لیا۔

27 مارچ کو سمڑیال میں نجی اخبار کے صحافی ذیشان بٹ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ اس کیس کی تحقیقات میں اس وقت اہم موڑ آیا جب ذیشان بٹ کی قتل سے چند لمحے قبل کی آخری فون کال ریکارڈنگ سامنے آئی۔ ذیشان بٹ نے ضلع کونسل کی چیرمین حنا ارشد اور پولیس کو فون کرکے کہا تھا کہ وہ دکانداروں پر عائد کیے جانے والے ٹیکس کے حوالے سے معلومات لینے یونین کونسل بیگھوالا کے دفتر گیا تھا۔ وہاں چیئرمین یونین کونسل عمران چیمہ سے اس کی تلخ کلامی ہوگئی اور اس نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں ، لہذا مجھے تحفظ فراہم کیا جائے۔

ابھی ذیشان بٹ ضلع کونسل کی چیرمین حنا ارشد سے فون پر بات کرہی رہا تھا کہ اس پر فائرنگ کردی گئی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مطابق چیئرمین یونین کونسل عمران چیمہ کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں