شمالی کوریا نے میزائل تجربے کے پیش نظر چین سے ملحقہ اپنی سرحد بند کردی

ویب ڈیسک  بدھ 10 اپريل 2013
موسم کی خرابی کے باعث پیانگ یانگ کی جانب سے میزائل تجربے میں تاخیر ہورہی، فوٹو:فائل

موسم کی خرابی کے باعث پیانگ یانگ کی جانب سے میزائل تجربے میں تاخیر ہورہی، فوٹو:فائل

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کی جانب سے  میزائل تجربے کے پیش نظر چین سے ملحقہ اپنی سرحد بند کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق  شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کے تجربے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور خطے میں اپنے واحد اتحادی چین سے ملحقہ سرحد کو سیل کردیا گیا ہے۔ جزیرہ نما کوریا میں گزشتہ کئی دنوں سے موسم خراب ہے جس کی وجہ سے پیانگ یانگ حکومت کی جانب سے میزائل تجربے میں تاخیر ہورہی ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا  اپنا جوہری پروگرام ختم کرکے اب بھی عالمی تنہائی سے نکل سکتا ہے اوراس سلسلے میں چین ایک مثبت اور مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا بیان بازی سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹی سی غلطی اور غلط اندازہ ایسی صورتحال پیدا کر سکتا ہے جو شاید پھر کسی کے قابو میں نہ رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔