دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کرنیوالے دو لاکھ ٹوئٹر اکاؤنٹ بند

بلاک کیے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹس دہشت گردی کے فروغ کے لیے استعمال ہوتے تھے


ویب ڈیسک April 06, 2018
ٹوئٹر نے ایک سال کے درمیان دو لاکھ سے زائد اکاؤنٹس بلاک کیے۔ فوٹو:فائل

KARACHI: مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کرنے والے 2 لاکھ 70 ہزار صارفین کے اکاؤنٹس بند کردیے۔


بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنی حالیہ ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ برس کے آخری 6 ماہ کے دوران شدت پسند مواد اور نفرت آمیز ٹوئٹس کرنے والے اکاؤنٹس کو بند کردیا گیا ہے، ان اکاؤنٹس کو دہشت گردی کو فروغ دینے میں استعمال کیا جاتا ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برسوں کی محنت کے بعد ہم نے اپنی ویب سائٹ کو دہشت گردوں کے لیے ناپسندیدہ ویب سائٹ بنا دیا ہے جسے کوئی بھی انتہا پسند شخص اپنے شدت پسند خیالات اور دہشت گردی کے فروغ کے لیے استعمال نہیں کرسکتا اور ہم نے دہشت گردی پھیلانے والے اکاؤنٹس کی چھانٹی کا آغاز 2015ء سے کیا تھا۔

ٹوئٹر برطانیہ کے سربراہ نک پکل کا کہنا تھا کہ 2 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کو حذف کرنے کے لیے از خود تیار کردہ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا جو کہ ٹوئٹر کی پالیسی کے تابع ہے جس کے تحت کسی کو بھی ٹوئٹر پر دہشت گردی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 75 فیصد اکاؤنٹس کو پہلی ٹوئٹ کے بعد ہی بند کردیا گیا تھا جب کہ 93 فیصد اکاؤنٹس کو ٹوئٹر نے اپنے خود کار نظام کے تحت نشاندہی کر کے حذف کردیا جب کہ صرف 0.2 فیصد اکاؤنٹس پولیس کی شکایت پر بند کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں