پرویزمشرف کے خلاف کارروائی ہوتی نظرنہیں آرہی، اعتزاز احسن

ویب ڈیسک  بدھ 10 اپريل 2013
 آرٹیکل 62اور63پر اس کے خالق اور سابق آمر ضیا الحق نے بھی کبھی عمل نہیں کیا، اعتزاز احسن۔ فوٹو آن لائن

آرٹیکل 62اور63پر اس کے خالق اور سابق آمر ضیا الحق نے بھی کبھی عمل نہیں کیا، اعتزاز احسن۔ فوٹو آن لائن

لاہور: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پرویزمشرف کے خلاف باتیں تو بہت ہورہی ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی ہوتی نظرنہیں آرہی۔

لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی پرویز مشرف کو صدر نہیں مانا، مشرف نے 3 مرتبہ آئین کو پامال کیا، پرویز مشرف کے خلاف باتیں تو بہت ہورہی ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی ہوتی نظر نہیں آرہی، اگر کارروائی ہوتی تو اسی وقت ہوجاتی جب وہ ملک سے باہر جارہے تھے، ان پر عدالتوں میں سنگین الزامات ہیں لیکن اس کے باوجود وہ بیرون ملک گئے نہ تو انہیں اس وقت حکومت نے روکا اور نہ ہی عدالت نے اس معاملے پر از خود نوٹس لیا۔ پرویز مشرف اب ماضی کا حصہ بن چکے ہیں، ان  کا اس وقت کردار پرانے اخبار کی طرح ہے جسے کوئی نہیں پڑھتا۔

بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ہر معاملہ عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے، ریٹرننگ افسر ان دفعات کے تحت امیدواروں سے سوال پوچھ کر چیف جسٹس کی جانب سے داد وصول کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62اور63بے لگام گھوڑوں کی طرح ہیں جس پر اس کے خالق  اورسابق آمر ضیا الحق نے بھی کبھی عمل نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔