ہم خیال گروپ والوں کو کسی پارٹی کا نہیں پی آئی اے کا ٹکٹ ملے گا، پرویز الہیٰ

ویب ڈیسک  بدھ 10 اپريل 2013
ہم خیال گروپ کے ساتھ وہی ہوا جو انہوں نے ہمارے ساتھ کیا، پرویز الٰہی۔ فوٹو: فائل

ہم خیال گروپ کے ساتھ وہی ہوا جو انہوں نے ہمارے ساتھ کیا، پرویز الٰہی۔ فوٹو: فائل

گجرات: سابق نائب وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ صدر زرداری اپنی بات کے پکے ہیں ہمیں بھی ان کے ساتھ بڑھ چڑھ کر وفا کرنی چاہئے۔

گجرات میں پیپلز پارٹی کے اتحادیوں کے ہمراہ پہلے انتخابی اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) نے قومی مفاد میں پیپلز پارٹی سے اتحاد کیا اگر ان کی جماعت ایسا نہ کرتی تو خدا نخواستہ ملک ٹوٹ جاتا،صدر آصف زرداری کمٹمنٹ کے پکے انسان ہیں اس لئے ہمیں بھی ان کے ساتھ بڑھ چڑھ کر وفا کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ  قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 106 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 112 میں مسلم لیگ(ق) پیپلز پارٹی کی جبکہ پیپلزپارٹی 113 میں(ق)لیگ کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔

چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ وہ شریف برادران کے ظرف سے بخوبی آگاہ ہیں ، ہم خیال گروپ کے ساتھ وہی ہوا جو انہوں نے ہمارے ساتھ کیا، اب ہم خیال گروپ کو پارٹی ٹکٹ نہیں پی آئی اے کا ٹکٹ ہی ملے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔