ڈیفنس فیز6 میں شیشہ بارزکے خلاف کارروائی،مالکان اورمنیجرزگرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 11 اپريل 2013
غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کیلیے رینجرز اور پولیس کی مدد سے کارروائی جاری رکھی جائیگی،بریگیڈیئر اظہر منظور. فوٹو: فائل

غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کیلیے رینجرز اور پولیس کی مدد سے کارروائی جاری رکھی جائیگی،بریگیڈیئر اظہر منظور. فوٹو: فائل

کراچی:  ڈی ایچ اے سیکیورٹی اینڈ ویجلنس ٹیم نے ڈیفنس میں شیشہ اسموکنگ کے خاتمے کے لیے مہم جاری رکھتے ہوئے خیابان سخر ڈیفنس فیز6 میں شیشہ بارز پر پولیس و رینجرز کی مدد سے بھرپور کریک ڈائون کیا۔

متعدد بارز کے مالکان اور منیجرز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرتے ہوئے پارلرز سیل کردیے گئے، شیشہ اسموکنگ کا پھیلتا ہوا رجحان خصوصاً نوجوانوں کے لیے ناسور بن گیا ہے جو نہ صرف انتہائی مضر صحت ہے بلکہ معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کررہا ہے، نوجوان طالب علموں کے والدین اس لعنت کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور انھوں نے ڈی ایچ اے انتظامیہ سے کئی مرتبہ درخواست کی ہے کہ ڈیفنس میں تمام شیشہ پارلرز بند کرائے جائیں۔

عدالت عالیہ اور نگراں حکومت نے بھی شیشہ پارلرز کو غیر قانونی قرار دے کر انھیں ختم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، ڈائریکٹر سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس بریگیڈیئر (ر) اظہر منظور نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ ڈی ایچ اے میں سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور رہائشیوںکو تحفظ اور پر امن ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈی ایچ اے اقدامات کررہا ہے، علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے رینجرز اور پولیس کی مدد سے بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔