مصباح، حفیظ اختلافات سے کوئی تیسرا فائدہ اٹھانا چاہتا ہے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 11 اپريل 2013
بیٹنگ کوچ کے لیے انضمام الحق اور راشد لطیف کو بہترین خیال کرتا ہوں، باسط علی   فوٹو: فائل

بیٹنگ کوچ کے لیے انضمام الحق اور راشد لطیف کو بہترین خیال کرتا ہوں، باسط علی فوٹو: فائل

لاہور:  سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور محمد حفیظ کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں پھیلا کر کوئی تیسرا فریق فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کا حفیظ اور واٹمور کیخلاف بیان ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ لاہور جیمخانہ کرکٹ گراؤنڈ باغ جناح میں خواتین نیشنل چیمپئن شپ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں سابق ٹیسٹ بیٹسمین باسط علی نے کہا کہ اعجاز بٹ میرے محترم ہیں لیکن انھیں چاہیے کہ وہ پہلے اپنے اور موجودہ چیئرمین کا موازنہ کریں کہ کس کے دور میں پاکستان کرکٹ کو نقصان ہوا اور کس کے دور میں ملکی کرکٹ میں بہتری آئی۔

شعیب ملک اور آفریدی جیسے کھلاڑیوں کو کارکردگی دکھانے کے باوجود کپتانی سے ہٹا کرٹیم میں تنازعات کو جنم دیا اور اسپاٹ فکسنگ کیس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو سزااورفکسنگ الزامات کے بعد انگلش بورڈ سے معافی مانگ کر پاکستان کی بدنامی کا سبب بھی اعجاز بٹ ہی کا تحفہ ہے، بیٹنگ کوچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں باسط علی نے کہا کہ کوچ کی ضرورت جونیئر سطح پر ہوتی ہے قومی کرکٹ ٹیم کیلیے ایک’’ فائن ٹیونر ‘‘کی ضرورت ہے جو کھلاڑیوں کوفائنل ٹچ دے کر ان کی کارکردگی میں اضافہ کرسکے اور اس کام کے لیے 90 کی دہائی کے بعد کرکٹ کھیلنے والے انضمام الحق اور راشد لطیف میں سے کسی ایک کو اس کام کے لیے مقرر کیا جائے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹرنے کہا ہے کہ پی سی بی کو چاہیے کہ تمام ڈیپارٹمنٹس کو ویمن کرکٹ ٹیمیں بنانے کے لیے خط لکھے۔ نیشنل ویمن چیمپئن شپ میں شامل ٹیموں کی درجہ بندی کرنا پی سی بی کا موثر اقدام ہے جس سے کمزور ٹیموں کو بھی مضبوط ٹیموں کیخلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ ویمن کے میچز ٹیلی ویژن پر دکھانے سے کھلاڑیوں اور ان کے والدین کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اوراب وہ خود اپنی بچیوں کو کھیلنے کے لیے گراؤنڈ میں چھوڑکرجاتے ہیںجو ویمن کرکٹ کی بہتری میں مدد دے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم باصلاحیت ہے مگر اسے ایک سال میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم نہیں بنایا جاسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔