وزڈن نے سزا یافتہ سموئلز کو پلیئر آف دی ایئر منتخب کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 11 اپريل 2013
مائیکل کلارک کے علاوہ ہاشم آملا، جیک کیلس اور ڈیل اسٹین کا بھی انتخاب۔  فوٹو : اے ایف پی/ فائل

مائیکل کلارک کے علاوہ ہاشم آملا، جیک کیلس اور ڈیل اسٹین کا بھی انتخاب۔ فوٹو : اے ایف پی/ فائل

لندن:  معروف برطانوی کرکٹ جریدے وزڈن نے فکسنگ میں ملوث رہنے والے مارلون سموئلز کو پلیئرآف دی ایئر منتخب کردیا، گذشتہ برس کے پانچ بہترین کرکٹرز میں شامل ویسٹ انڈین آل راؤنڈر بکیز سے روابط کے جرم میں دو برس کی پابندی بھگت چکے ہیں۔

مائیکل کلارک کو دنیا کا بہترین کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف سالانہ برطانوی کرکٹ میگزین نے گذشتہ سال برطانیہ میں بہترین پرفارمنسز کی بنیاد پر پانچ کرکٹرز آف دی ایئر کا اعلان کیا ہے جس میں حیران کن طور پر ویسٹ انڈیز کے مارلون سموئلز بھی شامل ہیں جوکہ بھارتی بکیز سے روابط کے جرم میں آئی سی سی کی جانب سے دو برس کی پابندی کی سزا بھگت چکے ہیں، اس سے قبل اسی وزڈن المانک نے 2010 میں محمد عامر کا نام کرکٹرز آف دی ایئر میں شامل کرنے کے بعد اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر ان کا نام خارج کردیا تھا۔

سموئلز کے بولنگ ایکشن پر بھی کئی بار اعتراضات سامنے آچکے ہیں۔ کرکٹرز آف دی ایئر قرار پانے والوں میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا، جیک کیلس اور فاسٹ بولر ڈیل اسٹین شامل ہیں ان کی ٹیم نے انگلینڈ کو اس کے ملک میں شکست سے دوچار کیا تھا۔ پانچویں کھلاڑی انگلش بیٹسمین نک کامپٹن ہیں، اب اس اعزاز میں انھوں نے اپنے دادا ڈینس کامپٹن کو جوائن کرلیا ہے، جنھیں 1939 میں کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ یہ اعزاز کسی بھی کرکٹر کو کیریئر میں ایک بار ملتا اور اس کا فیصلہ وزڈن کے ایڈیٹر خود کرتے ہیں۔

میگزین نے اس بار آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کو دنیا کا بہترین کرکٹر قرار دیا ہے، انھوں نے گذشتہ برس کے دوران 1595 رنز بنائے، جس میں بھارت کیخلاف 329 رنز ناٹ آؤٹ بھی شامل تھے۔ وزڈن کے نئے ایڈیشن میں مسلسل ایشز سیریز کے انعقاد کو بھی تاریخی معرکوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ نیا سالانہ ایڈیشن جمعرات کو مارکیٹ میں آئیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔