مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑادیں، بھارتی سپریم کورٹ

آن لائن  جمعرات 11 اپريل 2013
جن علاقوں میں 15،15سال سے سیکیورٹی فورسزتعینات ہیں وہاں قتل عام کا بازارگرم ہے،دو رکنی بینچ فوٹو : فائل

جن علاقوں میں 15،15سال سے سیکیورٹی فورسزتعینات ہیں وہاں قتل عام کا بازارگرم ہے،دو رکنی بینچ فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر سمیت مختلف شمال ریاستوں میں سیکیورٹی فورسزامن قائم کرنے میں ناکام بے گناہ شہریوں کا قتل عام کررہی ہیں۔

جعلی پولیس مقابلے ماورائے عدالت قتل روزانہ کا معمول بن چکا ہے، میڈیا کے مطابق ریاست منی پوراورمقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں معصوم اور بے گناہ لوگوں کے قتل عام کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل و غارت گری کا سلسلہ گزشتہ تین دہائیوں سے جاری ہے جن علاقوں میں 15،15سال سے سیکیورٹی فورسز تعینات ہیں وہاں انسانی تحفظ کے بجائے قتل عام کا بازارگرم ہے۔

سیکیورٹی فورسز اپنے ہی شہریوں کو قتل کررہے ہیں عدالتی بینچ نے اس حوالے سے پیش کردہ رپورٹ کو المناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے یہ رپورٹ کتنی شرم ناک ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا مقصد لوگوں کا تحفظ ہے لیکن وہ شہریوں کی جانیں لینے کا باعث بن رہے ہیں اورانسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔