چیف جسٹس نے سول اسپتال کوئٹہ کے ینگ ڈاکٹر کی ہڑتال ختم کرادی

سول اسپتال کے چیف ایگزیکٹو سے ہڑتالی ڈاکٹرز کے مطالبات سے متعلق رپورٹ 4 دن میں طلب


ویب ڈیسک April 09, 2018
چیف جسٹس کی ہدایت پر ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس نے فوری طور پر ہڑتال ختم کردی۔ : فوٹو : ایکسپریس

سول اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی ہدایت پر ہڑتال ختم کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کوئٹہ رجسٹری میں اسپتالوں کی حالت زار سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بلوچستان کو کیوں نظر انداز کیا جاتا ہے، صحت کے شعبے میں وفاق سے جو مدد چاہیے ہمیں بتائیں، ماضی میں کیا ہوا اس کو چھوڑیں اور دیکھیں آگے کیا کرنا ہے، اگر سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں تو مریضوں کو کون دیکھے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جہاں بنیادی حقوق کا استحصال ہوگا عدلیہ مداخلت کرے گی

کیس کی سماعت کے فوری بعد چیف جسٹس ثاقب نثار وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرا اور چیف سیکرٹری کے ہمراہ سول اسپتال کوئٹہ پہنچے اور مختلف شعبوں کا دورہ کیا، جب کہ ینگ ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کے احتجاجی کیمپ میں بھی گئے۔ چیف جسٹس نے ہڑتالی ڈاکٹرز کے مطالبات سنے اور انہیں مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے سول اسپتال کے چیف ایگزیکٹو سے ڈاکٹرز کے مطالبات سے متعلق رپورٹ 4 دن کے اندر طلب کرلی۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس نے فوری طور پر ہڑتال ختم کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں