لاہور میں تحریک لبیک کا دھرنا جاری عوام کی زندگی اجیرن 

اطراف کی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے مارکیٹوں کا کاروبار ٹھپ پوچکا ہے


ویب ڈیسک April 10, 2018
سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے عوام کو گرمی میں کئی کئی کلومیٹرپیدل سفرکرنا پڑتا ہے فوٹو: فائل

مذہبی تنظیم تحریک لبیک یارسول اللہ کی جانب سے دھرنا 9ویں روز بھی جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے وہیں اطراف کے علاقوں میں کاروبار بھی ٹھپ ہوگیا ہے۔

لاہور میں داتا دربار سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل آج نویں روز بھی جوں کے توں ہیں، احتجاجی دھرنے کے باعث لوئرمال کا بڑا حصہ کینٹینرز اور بیرئیرز لگا کر بندکیا گیا ہے جس کی وجہ سے ناصر باغ سے مینار پاکستان کی جانب آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے، اسکول، کالجز اور دفاتر آنے جانے والوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے، ناصر باغ سے ٹریفک عبدالقادر جیلانی روڈ کی طرف موڑ دی جاتی ہے جبکہ سرکلر روڈ کو بھی بھاٹی چوک سے بند کیا گیا ہے، پیدل آنے جانے والوں کوگرمی میں کئی کئی کلومیٹرپیدل سفرکرنا پڑتا ہے، شہری پریشان ہیں کہ دھرنا کب ختم ہوگا اوران کی مشکل آسان ہوگی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خادم رضوی سمیت 4 ملزم اشتہاری قرار

دھرنے سے جہاں ٹریفک کے مسائل ہیں وہیں قریبی علاقوں میں کاروباربھی بری طرح سے متاثرہورہا ہے، کربل اگامے شاہ کے قریب فرنیچرکی کئی دکانیں اورمعروف بیکری ہے، مگر گزشتہ 9 روز سے ان کا کاروبارٹھپ پڑا ہے، یہ دکانیں اکثربندرہتی ہیں اگرتھوڑی دیرکے لیے کھل بھی جائیں تو کوئی گاہک نہیں آتا، دکانداروں کے لیے کرایہ ادا کرنا بھی مشکل ہوتا نظرآرہا ہے، دھرنے کے مقام کے بالکل سامنے پرندوں کی مارکیٹ ہے لیکن یہاں بھی ویرانی کے ڈیرے ہیں، دکاندار گاہکوں کے منتظربیٹھے ہیں، داتا دربارکے عقب میں بلال گنج کا علاقہ ہے، یہاں کے مکین بھی سخت اذیت سے دوچارہیں، ان کی مشکلات ختم ہوتی ہیں یا ان میں مزید اضافہ ہوگا اس کا فیصلہ 12 اپریل کو دھرنے والوں کی طرف سے دی گئی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد ہی ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں