چین نے فحش مواد شائع کرنے والی موبائل ایپ کو بند کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 11 اپريل 2018
موبائل ایپ اور ویب سایٹ پر فحش مواد شائع کر رہے تھے۔ فوٹو : فائل

موبائل ایپ اور ویب سایٹ پر فحش مواد شائع کر رہے تھے۔ فوٹو : فائل

بیجنگ: چین نے فحش مواد اور بے ہودہ لطیفے پھیلانے والی موبائل ایپ اور ویب سایٹ کو بند کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے ایک نیوز ویب سایٹ ’ ٹووٹیو‘ کی موبائل ایپ کے ذریعے بے ہودہ اور فحش مواد شائع کرنے پر موبائل ایپ اور وی چیٹ اکاؤنٹ ’ نیہان دوانزی‘ کو بند کردیا ہے۔  ان اکاؤنٹس پر اخلاق سے گری ہوئی تصاویر اور ویڈیوز شائع کی جاتی تھی جس پر گزشتہ ماہ چینی وزارت اطلاعات و نشریات نے مذکورہ ویب سایٹ اور موبائل ایپ کمپنی کو خبردار بھی کیا تھا۔

چین کے سرکاری ریڈیو اور ٹی وی چینل پر جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فحش لطیفے پھیلانے والی موبائل ایپ ’ ڈرٹی جوکس‘ اور ’وی چیٹ‘ کو تنبہیہ کے باوجود فحش مواد شائع کرنے کے جرم میں بند کردیا گیا۔ ویب سائٹ اور موبائل ایپ ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے تھے جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔

ڈرٹی جوکس اور وی چیٹ کے خلاف حکومت کو کافی عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کے بعد چینی حکومت نے ان کی بندش کا فیصلہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔