بھتہ خوروں کو موقع پرہی نشان عبرت بنا دیں گے، رینجرز کا دعویٰ

بزنس رپورٹر  جمعـء 12 اپريل 2013
تاجروں نے اولڈ سٹی ایریا میں رینجرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوکر علاقے پر مکمل کنٹرول کا مطالبہ کیا ہے. فوٹو: فائل

تاجروں نے اولڈ سٹی ایریا میں رینجرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوکر علاقے پر مکمل کنٹرول کا مطالبہ کیا ہے. فوٹو: فائل

کراچی:  پاکستان رینجرز نے اسلحہ بردار بھتہ خوروں کو موقع پر ہی نشان عبرت بنانے اورجمعہ12 اپریل سے اولڈ سٹی ٹریڈنگ ایریا میں رینجرز کا گشت بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان عبداللہ شاہ غازی رینجرز کے اعلیٰ حکام نے جمعرات کو آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق میر اورسیکریٹری جنرل شرجیل گوپلانی سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا ہے،عتیق میر نے بتایا کہ چھوٹے تاجروں کا اعتماد بحال کرنے کی غرض سے پاکستان رینجرز کے افسران نماز جمعہ کے بعد تاجروں کے ہمراہ اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹوں کا دورہ کریں گے ۔

جبکہ بھتہ خوری اور دیگر جرائم کے خلاف رینجرز حکام تاجروں سے مکمل تعاون کریں گے،چھوٹے تاجروں نے رینجرز حکام پر واضح کیا ہے کہ اگر جرائم میں واضح کمی محسوس نہ ہوئی تو وہ احتجاج کا حق رکھتے ہیں،رینجرز حکام نے تاجروفد کو یقین دلایا کہ شہر میں جاری آپریشن سے فارغ ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹوں میں تعینات کردیا جائے گا۔

جس سے اولڈسٹی ٹریڈنگ ایریا بھتہ خوروں کیلیے موت کی وادی بن جائیگا،رینجرز کی11ہزار کی نفری میں8 ہزار اہلکار شب و روز جرائم کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں،اولڈ سٹی ایریا میں جرائم کے خاتمے تک تاجر نمائندگان سے باقاعدہ رابطے میں رہیں گے،بھتہ خوروں کے خلاف ہر آپریشن کے بعد تاجروں کو آگاہی فراہم کی جائیگی، رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں شکایت کے اندراج کا نظام قائم ہے۔

تاجر تنظیمیں شکایات کا اندراج کراسکتی ہیں،شہر میں جاری آپریشن ختم ہونے پر باقاعدہ نفری تعینات ہوگی،بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی میں تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لیا جائیگا، رینجرز بہتر کام کررہی ہے،اس موقع پر آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹوں میں جرائم کے خلاف خصوصی سیکیورٹی پلان کے اعلان پر رینجرز حکام کا شکریہ ادا کیا۔

تاجروں نے اولڈ سٹی ایریا میں رینجرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوکر علاقے پر مکمل کنٹرول کا مطالبہ کیا ہے،انھوں نے کہا کہ ایم اے جناح روڈ پر دھرنے کا اعلان رینجرز کی حمایت میں کیا گیا تھا جوکہ اعلیٰ حکام کی یقین دہانی پر موخر کیا جارہا ہے،علاقے کی تجارتی پہچان ختم ہوکر بھتہ نگر کے طور پر ابھر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔