یونس خان نے کوچنگ میں مستقبل بنانے کا ارادہ کر لیا

سلیم خالق  جمعرات 12 اپريل 2018
آئی پی ایل میچزپرجوئے کے جرم میں گرفتار ہونے والے اکرم رضا بھی حصہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

آئی پی ایل میچزپرجوئے کے جرم میں گرفتار ہونے والے اکرم رضا بھی حصہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  سابق ٹیسٹ اسٹار یونس خان  نے کوچنگ میں مستقبل بنانے کاارادہ کر لیا۔

گزشتہ برس ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے یونس خان مستقبل میں کوچنگ کا ارادہ رکھتے ہیں، پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 10099ٹیسٹ رنز بنانے والے سابق اسٹار16 اپریل سے لاہور میں 6 روزہ لیول تھری کورس میں شریک ہوں گے، اس کی نگرانی تین آسٹریلوی ماہرین کریں گے۔

سابق ٹیسٹ اسپنر اکرم رضا بھی اس کورس میں حصہ لے رہے ہیں،2011میں آئی پی ایل میچز پر جوئے کے جرم میں گرفتار ہونے والے سابق امپائر کو پی سی بی نے پینل سے خارج کر دیا تھا، عدالت میں ایک برس کیس چلنے کے بعد انھیں بحال کیا گیا۔

2013میں آئی سی سی پینل میں نامزد نہ ہونے پر انھوں نے حکام کو پریس کانفرنس میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا،ساتھ ہی دوبارہ امپائرنگ نہ کرنے کا اعلان کیا اس پر وہ دوبارہ پابندی کی زد میں آ گئے۔ جس کا گذشتہ برس ہی خاتمہ ہوا، اب وہ کوچنگ میں کیریئر بنانا چاہتے ہیں،ان پر جسٹس قیوم کی میچ فکسنگ تحقیقات کے بعد بھی جرمانہ عائد ہوا تھا۔

کوچنگ کورس میں سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر محمد سلمان، منظور الہیٰ، نوید انجم  و دیگر شرکت کریں گے، اس میں کوچنگ صلاحیتوں کے ساتھ کمپوٹر اسکلز، انگریزی میں مہارت وغیرہ بھی دیکھی جائے گی، یونس خان بطور کرکٹر اپنے تجربات سے بھی آگاہ کریں گے، مشتاق احمد اور مدثر نذرکھیل کی باتیں بتائیں گے۔

کورس کے شرکا کو اختتام پر اسائمنٹس دیے جائیں گے جس کیلیے ان کے پاس ایک سال کا وقت ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔