آئی پی ایل؛ پونے واریئرز نے بھی فتح کا مزہ چکھ لیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 12 اپريل 2013
آئی پی ایل : راجستھان رائلز کیخلاف میچ میں پونے واریئرز کے کپتان انجیلو میتھیوز اپنی ہی گیند پر حریف بیٹسمین کا کیچ تھامنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، ان کی ٹیم نے مقابلہ جیت لیا۔  فوٹو : اے ایف پی

آئی پی ایل : راجستھان رائلز کیخلاف میچ میں پونے واریئرز کے کپتان انجیلو میتھیوز اپنی ہی گیند پر حریف بیٹسمین کا کیچ تھامنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، ان کی ٹیم نے مقابلہ جیت لیا۔ فوٹو : اے ایف پی

پونے:  آئی پی ایل میں پونے واریئرز نے بھی آخر کار فتح کا مزہ چکھ لیا، راجستھان رائلز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، ایرون فنچ نے ففٹی بنائی۔

قبل ازیں رائل چیلنجرز بنگلور نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 8 وکٹوں سے پچھاڑ دیا، کرس گیل نے پھر دھواں دار 85 رنز بنا ڈالے۔ تفصیلات کے مطابق پونے واریئرز نے ابتدائی دو میچز میں ناکامی کے بعد آخرکار اپنا کھاتہ کھول ہی لیا ہے۔

میزبان سائیڈ کو فتح کیلیے 146 رنز کا ہدف ملا جوکہ اس نے 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا، روبن اتھاپا 32 رنز پر فالکنیر کی گیند پر راہول ڈریوڈ کا کیچ بنے جبکہ راس ٹیلر 17 رنز بناکر ہرمیت سنگھ کی گیند پر بریڈ ہوج کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ایرون فنچ نے 53 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے، انھیں فالکنیر نے قابو کیا، یوراج سنگھ نے 28 رنز ناٹ آؤٹ بناکر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔ اس سے پہلے راجستھان رائلز کی ٹیم 5 وکٹوں پر 145 رنز بنا پائی، کوشل پریرا بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوگئے، تاہم اجنکیا راہنے اور راہول ڈریوڈ اسکور کو 81 پر لے گئے۔

راہنے 30 اور راہول ڈریوڈ نے 54 رنز بنائے، بریڈ ہوج 22 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ راہول شرما اور یوراج سنگھ نے دودو وکٹیں لیں۔ دریں اثنا بنگلور میں کھیلے میچ میں میزبان سائیڈ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 155 کا ہدف 15 بالز قبل صرف دو وکٹوں پر حاصل کیا، کرس گیل 85 گیندوں پر ناٹ آؤٹ رہے۔

انھوں نے50 گیندوں کا سامنے کرتے ہوئے 9 چھکوں اور 4 چوکے لگائے، ویرت کوہلی نے 35 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل کولکتہ نے 8 وکٹوں پر 154 رنز بنائے، منویندر بسلا نے ایک رن پر آؤٹ ہوکر ٹیم پر دباؤ بڑھایا، گمبھیر نے 59 رنز بنائے جبکہ اس بار یوسف پٹھان بھی 27 رنز بنانے میں کامیاب رہے، ردرا پرتاب سنگھ نے 3 جبکہ موسس ہینرکس اور ونے کمار نے دودو وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔