صوبے میں تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ضروری ہے،گورنر بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعرات 12 اپريل 2018
ہماری یونیورسٹیوں میں پرانا درس و تدریس کا نظام کبھی بھی کارآمد نہیں ہوسکتا،گورنر بلوچستان۔ فوٹو: فائل

ہماری یونیورسٹیوں میں پرانا درس و تدریس کا نظام کبھی بھی کارآمد نہیں ہوسکتا،گورنر بلوچستان۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ صوبے میں تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا اشد ضروری ہے تاکہ ہمارے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور ڈگریوں کو دنیا بھر میں  قبولیت حاصل ہوسکے۔

گورنر بلوچستان محمد خان  اچکزئی نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں یونیورسٹی آف لورالائی کے سینیٹ اجلاس کی صدرات کی اس موقع پر وائس چانسلر، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن اور پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر محمد خان اچکزئی نے کہا کہ کسی بھی یونیورسٹی کی سینٹ کا ممبر بننا ایک طرف اگر اعزاز ہے تو دوسری جانب ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، اس ضمن میں تمام سینیٹ ممبرز پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر یونیورسٹی کی بہتری اور ترقی کیلئے موثر اور فعال کردار ادا کریں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا اشد ضروری ہے تاکہ ہمارے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور ڈگریوں کو دنیا بھر میں  قبولیت حاصل ہوسکے کیوں کہ ایسی صورت میں  ہماری یونیورسٹیوں میں پرانا درس و تدریس کا نظام کبھی بھی کارآمد نہیں ہوسکتا۔ آج ہمارے انجینئر ز، ریسرچررز اور سائنٹسٹ بھی کوئی نیا اورتخلیقی کارنامہ پیش کرنے سے قاصر ہیں، وہ تقلید اور تکرارکے روایتی خول سے باہر آکر معاشرے کو درپیش مشکلات کانیا اور پائیدار حل پیش کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔