تحریک لبیک کا ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج

فیض آباد معاہدے پر عمل درآمد کی ڈیڈلائن ختم ہونےاور حکومت سے مذاکرات کی ناکامی پر ملک گیر احتجاج شروع کیا گیا۔


ویب ڈیسک April 13, 2018
اہم سڑکوں کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا - فوٹو: این این آئی

مذہبی جماعت تحریک لبیک نے مطالبات منظور کیے جانے کی ڈیڈلائن ختم ہوتے ہی لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع کردیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

فیض آباد معاہدے پر عمل درآمد کی ڈیڈلائن ختم ہونے اور لاہور میں پنجاب حکومت اور تحریک لبیک کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد مذہبی جماعت کے کارکنوں نے کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع کردیا جب کہ کارکن شہر کے اندرونی اور بیرونی راستوں پر قابض ہوگئے جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

لاہورمیں مذہبی جماعت کا مرکزی دھرنا داتا دربارکے باہر جاری ہے، داتا دربار، آزادی چوک، فیض پورانٹرچینج، ٹھوکربائی پاس، موٹروے، داروغہ والا، چونگی امرسدھو، کاہنہ، شاہدرہ موڑ اور بند روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مختلف شہروں سے لاہور آنے والے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، مرید کے کے قریب کارکنوں نے موٹر وے کو بند کر دیا جب کہ مانانوالہ میں لاہور فيصل آباد روڈ ہر قسم کی ٹريفک کے لئے بند ہے۔ کئی مقامات پر ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنسی دکھائی دیں۔۔ اس صورتحال میں شہری شدید پریشان دکھائی دیتے ہیں۔۔

دوسری جانب کراچی میں بھی نمائش چورنگی پر مذہبی جماعت کے کارکنان نے دھرنا دے دیا ہے جب کہ راولپنڈی میں بھی مذہبی جماعت کے کارکن اچانک سڑکوں پر نکل آئے اور ڈنڈوں سے لیس کارکنوں نے لیاقت باغ چوک پر دھرنا دے کر مری روڈ ٹریفک کے لیے بند کردی۔ ادھر اوکاڑہ، چیچہ وطنی، ساہیوال، عارفوالا، مرید کے، شیخوپورہ، سمیت دیگر اضلاع میں بھی دھرنوں سے شہریوں اور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تحریک لبیک کے رہنماوں کا کہنا ہے، فیض آباد معاہدے پر عمل درآمد کے لیے حکومت کو دی گئی ڈیڈلائن ختم ہوچکی، اب پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔

واضح رہے تحریک لبیک کے رہنماؤں نے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت کو 12 اپریل کی شام تک کی ڈیڈ لائن دی تھی جس کے پورے ہونے سے قبل حکومت اورمظاہرین کے درمیان مذاکرات بھی ناکام رہے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں