سندھ میں ق لیگ سے انتخابی مفاہمت کی جائے، بلاول بھٹو

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 12 اپريل 2013
نگراں حکومت امیدواروں کی سیکیورٹی کا انتظام کرے،وڈیو لنک کے ذریعے رہنماؤں سے گفتگو   فوٹو: فائل

نگراں حکومت امیدواروں کی سیکیورٹی کا انتظام کرے،وڈیو لنک کے ذریعے رہنماؤں سے گفتگو فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کے تمام علاقوں میں پارٹی کے الیکشن دفاتر فوری قائم کیے جائیں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لیے پارٹی امیدوار اپنے اپنے متعلقہ حلقوں میں مرکزی الیکشن دفاتر میں کم از کم 6 گھنٹے اپنی حاضری یقینی بنائیں اور علاقہ معززین اور عوام سے ملاقاتیں کریں۔

انھوں نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر 5 صفحات پر مشتمل انگریزی، اردو اورتمام علاقائی زبانوں میںایک کتابچہ شائع کرائے اور اس میں پارٹی منشور اور پیپلز پارٹی کی حکومت کی کارکردگی کا خلاصہ پیش کیا جائے۔ وہ جمعرات کو کراچی میں پارٹی کے الیکشن سیل سے وڈیو لنک کے ذریعے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے پارٹی کے صوبائی صدور سید قائم علی شاہ، منظور وٹو اور انور سیف اللہ اور دیگر رہنمائوں سے بات چیت کررہے تھے۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام امیدوار اپنی انتخابی مہم الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق چلائیں اور مخالفانہ تقاریر سے گریز کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سندھ کے صوبائی صدر سید قائم علی شاہ کو ہدایت کی کہ وہ سندھ کی سطح پر مسلم لیگ (ق) سے سیٹ ایڈجسمنٹ کے لیے فوری مذاکرات کا آغاز کریں۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ خود انتخابی مہم کی نگرانی کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔