سری لنکا کے صدر نے پارلیمنٹ کو معطل کر دیا

سری لنکا کے صدر اور وزیراعظم کے درمیان جاری اختیار کی کشمکش کے بعد پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا


ویب ڈیسک April 13, 2018
سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا جنوری 2015 سے صدارت کے عہدے پر فائز ہیں۔ فوٹو : فائل

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے پارلیمنٹ کو ایک ماہ کے لیے معطل کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے آئین کے آرٹیکل 70 کے تحت اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو معطل کر دیا ہے جس کا اطلاق 12 اپریل کی رات سے ہو گیا ہے، معطلی کی مدت 8 مئی تک ہے۔ پارلیمنٹ کی معطلی کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سری لنکا کے صدر اور وزیراعظم کے درمیان اقتدار کی چپقلش اور اختلافات کی خبروں کا بازار گرم تھا۔

اس سے قبل سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے وزیراعظم رانِل وِکرما سنگھے کے اختیارات کو مرحلہ وار کم کرتے ہوئے مرکزی بینک، پالیسیاں مرتب کرنے والے نیشنل آپریشنز اور کئی دیگر اداروں سے متعلق فیصلے کرنے کا اختیار واپس لے لیا تھا۔ اس غیر یقینی صورت حال میں شدت 6 وفاقی وزراء کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد آئی تھی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم رانِل وِکریماسنگھے کی جماعت یونائیٹڈ نیشنل پارٹی نے صدر میتھری پالا سری سینا کے ساتھیوں پر استعفوں کے لیے دباؤ بڑھا دیا تھا جب کے صدر میتھری پالا سری سینا نے تحریک عدم اعتماد میں رانِل وِکریماسنگھے کے خلاف ووٹ بھی دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں