چین کا جدید سرویلنس سسٹم؛ 60 ہزار افراد کے درمیان ملزم کی شناخت

ویب ڈیسک  اتوار 15 اپريل 2018
فیشل ریکوگنیشن سسٹم کو موبائل میں بھی استعمال کیا جارہا ہے (فوٹو : انٹرنیٹ)

فیشل ریکوگنیشن سسٹم کو موبائل میں بھی استعمال کیا جارہا ہے (فوٹو : انٹرنیٹ)

بیجنگ: چینی پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 60 ہزار تماشائیوں کے درمیان موجود مالی بدعنوانی میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق 30 سالہ شخص کو چین کے شہر نن چنگ میں معروف گلوکار جیکی چیونگ کے کنسرٹ سے گرفتار کیا گیا جس کے لیے سی سی ٹی کیمروں کی جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا۔ اس ٹیکنالوجی نے حیرت انگیز طور پر اپنے ڈیٹا میں محفوظ ملزم کی تصویر سے  60 ہزار تماشائیوں کے درمیان شناخت کرلیا۔

کنسرٹ کے داخلی دروازے پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے نے ملزم اے او کو شناخت کر کے پولیس نظام کو اپ ڈیٹ کیا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ میوزیکل کنسرٹ دیکھنے میں مصروف ملزم اپنی گرفتاری کے عمل سے حیران ہوگیا جس کا سہرا جدید ٹیکنالوجی کے سر جاتا ہے۔

چہرے کے نقوش کو باریک بینی سے جانچنے والے یہ نظام Facial Recognition System ملزمان اور مطلوبہ افراد کی تصاویر کو محفوظ کر کے اس کا سائنسی تجزیہ کرتا ہے اور چہرے کی ہڈیوں کی بناوٹ، آنکھوں کی پتلی کی ساخت، بھنوؤں کا انداز اور ہونٹ، ناک کی بناؤٹ کو علیحدہ علیحدہ بھی محفوظ کرلیتا ہے اور یکساں نقوش رکھنے والے شخص کے کیمرے کے سامنے آتے ہی پولیس کو خبردار کردیتا ہے۔

facial2

چین میں 170 ملین سی سی ٹی وی کیمرے ہمہ وقت نگرانی کے لیے سیکیورٹی کے نظام سے منسلک ہیں۔ یہ سی سی ٹی وی کیمرے اپنے ڈیٹا میں محفوظ تصاویر اور معلومات کی بنیاد پر مطلوبہ شخص کو ہزاروں لوگوں کی درمیان بھی پہچان سکتے ہیں جس کے لیے Facial Recognition System  کو استعمال کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں بھی چین کی پولیس نے 25 ملزمان کو Facial Recognition System کے ذریعے ایک فیسٹیول کے درمیان گرفتار کیا تھا۔ ملزمان کا خیال تھا کہ ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں پولیس ان ملزمان کو پہچان نہیں سکے گی لیکن شاید انہیں علم نہیں تھا کہ چینی حکومت سرویلیئنس کا جدید ترین نظام رکھتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔