پی آئی اے کی برانڈنگ؛ کلر اسکیم تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 14 اپريل 2018
اعلیٰ عہدوں پرتعینات سابق افسران کی ادوارکی رپورٹس بھی مرتب کی جارہی ہیں، پی آئی اے انتظامی ذرائع۔ فوٹو: فائل

اعلیٰ عہدوں پرتعینات سابق افسران کی ادوارکی رپورٹس بھی مرتب کی جارہی ہیں، پی آئی اے انتظامی ذرائع۔ فوٹو: فائل

 کراچی: جہازوں کی دم (ٹیل) پر مارخور کے لوگو اور جہاز دیگر حصوں پر تبدیلی کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے قومی ایئرلائن کے تمام نیٹ ورک کی کلر اسکیم بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ایئرلائن کے اندرون وبیرون ملک قائم ٹکٹ دفاتر ،سیلز پوائنٹ اور ایئر پورٹس پر دفاترکی کلر اسکیم تبدیل کی جائے گی،ایئرلائن کے متعلقہ شعبے کی جانب سے جاری کردہ ای میل میں تمام دفاتر کو کلر اسکیم پر مبنی درکار بورڈز کی تعداد اور تفصیلات طلب کرلی گئیں۔

نئی کلر اسکیم کا فیصلہ قومی ایئر لائن کو نئی کارپوریٹ برانڈ پہچان دینے کے تحت کیاگیا ہے، نئی کارپوریٹ برانڈ میں سبز اور سفید کلراسکیم کے بجائے سفید، ہلکا سبز اورڈارک گرے کلراسکیم استعمال کی جائے گی،کلراسکیم کے ساتھ اردو اور انگریزی میں تحریر الفاظ کاسائز بھی تبدیل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہناہے کہ نئی کلر اسکیم میں دفاتر کے باہر اور اندر بورڈز اور اسٹینڈز بھی تبدیل کیے جائیںگے جبکہ دوسرے مرحلے میں قومی ایئرلائن کی تمام اسٹیشنری، کراکری، گاڑیوں اور دیگر پر کلر اسکیم تبدل کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں سمیت مکمل نیٹ ورک کو نئی کارپوریٹ برانڈ پہچان پر مبنی منصوبے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جائیں گے۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے کلر اسکیم تبدیل کرنے کے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز کے دم (ٹیل) پر مارخور کا لوگو ں صرف جہازوں تک محدود ہے، دفاتر اور دیگر مقامات پر کلر اسکیم ضرور تبدیل کی جارہی ہے تاہم دفاتر پر مارخور کا لوگو پینٹ نہیں کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔