چین اور ایران کی شام پر امریکی اتحادیوں کے حملے کی شدید مذمت

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 اپريل 2018
شام میں ہونے والے کیمیائی حملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، چین،فوٹو:فائل

شام میں ہونے والے کیمیائی حملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، چین،فوٹو:فائل

بیجنگ: روس کے بعد چین اور ایران  نے بھی  شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کی شدید مذمت کردی۔

چینی وزار خارجہ کے ترجمان ہوا چیوئنگ نے شام پر امریکا،برطانیہ اور فرانس کے میزائل حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے اس کارروائی کو جارحیت قرار دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہر ملک کو کسی بھی دوسرے ملک کی علاقائی سالمیت کا احتراج کرنا چاہیے، شام میں امریکا، برطانیہ اور فرانس کی مشترکہ کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں جب کہ شام میں ہونے والے کیمیائی حملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔

چین نے تمام فریقین سے زور دیا ہے کہ وہ طاقت کا استعمال ترک کرکے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا، برطانیہ اور فرانس نے شام پر حملہ کردیا

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے شام پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام پر میزائل برسانے والے امریکی و فرانسیسی صدر اور برطانوی وزیراعظم مجرم ہیں۔

واضح رہے کہ شامی حکومت کی جانب سے اپنے عوام پر ہونے والے کیمیائی حملوں کے جواب میں امریکا، برطانیہ اور فرانس نے شام پر میزائل حملے کیے ہیں۔ بی ون بمبار سمیت متعدد لڑاکا طیاروں اور بحری جنگی جہازوں نے اس مشن میں حصہ لیا اور شامی حکومت کی کیمیائی ہتھیاروں کی تنصیبات پر میزائل فائر کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔