پاکستان کا بابر کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

 ہفتہ 14 اپريل 2018
یہ میزائل 700 کلومیٹر دور تک پانی و خشکی دونوں پر اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے (فوٹو: اسکرین گریب، آئی ایس پی آر ٹوئٹر ویڈیو)

یہ میزائل 700 کلومیٹر دور تک پانی و خشکی دونوں پر اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے (فوٹو: اسکرین گریب، آئی ایس پی آر ٹوئٹر ویڈیو)

 راولپنڈی: پاکستان نے بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئرز نے بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، اسٹیلتھ فیچر کا حامل یہ میزائل 700 کلومیٹر دور تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے بابر ویپن سسٹم ون (بی) میں ایڈوانسڈ ایروڈائنامک اور ایوی یونک فنکشنز شامل ہیں جس کی بنا پر یہ میزائل پانی اور خشکی دونوں پر اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بناسکتا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ بابر کروز میزائل نچلی پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہرقسم کا وار ہیڈ اپنے ساتھ لے جاسکتا ہے اس میزائل کی بدولت پاکستانی دفاع مزید مضبوط ہوگا۔

ڈی جی اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن، چیئرمین نیسکام اور سینئر سائنس دانوں نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ صدر مملکت ممنون حسین ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب میزائل ٹیسٹ پر سائنس دانوں، نیسکام اور این ڈی سی کے انجینئرز کو مبارک باد پیش کی ہے۔

یہ پڑھیں: پاکستان کا سب میرین کروز میزائل بابر کا ایک اور کامیاب تجربہ

یاد رہے کہ پاکستان نے 29 مارچ کو سب میرین لانچ کروز میزائل بابر کا تجربہ کیا تھا جس کے ذریعے پانی کے اندر سے فائر کیے گئے اس کروز میزائل نے تمام پیرا میٹرز کے مطابق کامیابی کے ساتھ خشکی پر موجود اپنے ہدف کو نشانہ بنایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔