رئیس اسٹیٹ سیکٹر کے خلاف شکایات پر کھلی سماعت کا اعلان

خصوصی رپورٹر  اتوار 15 اپريل 2018
کنزیومرکومسابقت مخالف سرگرمیوں سے بچانے کیلیے منگل لاہور،جمعرات کوکراچی میں سماعت،شرکاکی رائے لی جائیگی،اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

کنزیومرکومسابقت مخالف سرگرمیوں سے بچانے کیلیے منگل لاہور،جمعرات کوکراچی میں سماعت،شرکاکی رائے لی جائیگی،اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: مسابقتی کمیشن آف پاکستان(سی سی پی) نے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں مسابقت سے متعلقہ خدشات پر لاہور اور کراچی میں کھلی سماعت کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے تا کہ اس معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے لی جا سکے۔

گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق لاہور میںکھلی سماعت کا انعقاد منگل کی صبح 11بجے مال روڈ پر واقع مقامی ہوٹل میں ہوگا جبکہ کراچی میںکھلی سماعت کا انعقاد جمعرات کی صبح 11بجے فاطمہ جناح روڈ کراچی پر واقع مقامی ہوٹل میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سی سی پی اس معاملے پر رواں ہفتے اسلام آباد میں بھی کھلی سماعت کا انعقاد کر چکا ہے جس کے شرکا میں ریئل اسٹیٹ ایسوسی ایشنز، بلڈرز، ڈیولپرز، مارکیٹرزاور صارفین کی بڑی تعداد شامل تھی۔

اعلامیے میں کہا گیاکہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر کا پاکستان کے معاشی ترقی اور فروغ میں نہایت اہم کردار ہے جس کے تحت وہ سالانہ قومی آمدنی، مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے اور روزگار فراہم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے۔

ریئل اسٹیٹ سیکٹر پروجیکٹس کی پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیاکے ذریعے پبلسٹی پر اربوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، مسابقتی کمیشن آف پاکستان کو متعدد خدشات اور شکایات موصول ہوئی ہیںکہ ملک بھر میں کچھ ہاؤسنگ سوسائٹیز گمراہ کن مارکیٹنگ کے ذریعے صارفین کو دھوکا دے رہی ہیں جیسا کہ سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں جھوٹے دعوے، اہم معلومات کو چھپانا مثلاً ترقیاتی چارجز، ہاؤسنگ سکیم کے اہم مقامات سے فاصلے اور متعلقہ اداروں کی منظوری سے متعلق غلط حقائق وغیرہ شامل ہیں۔

مسابقتی کمیشن نے اپنے ایڈواکسی مینڈیٹ کے تحت اور صارفین کو کمپیٹیشن مخالف سرگرمیوں سے بچانے کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز، ڈیولپرز، مارکیٹرز، سرمایہ کاروں، خریداروں اور متاثرین کے ریئل اسٹیٹ سے متعلق شکایات، مسائل سننے کے لیے لاہور اور کراچی میں کھلی سماعت منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔