شوگر کی بیماری پیدا کرنے والا جین دریافت

ویب ڈیسک  پير 16 اپريل 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لندن: سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ پیٹ پر جمع ہونے والی چربی کا سبب بننے والا جین KLF 14 ہی دراصل ذیابیطس قسم دوم (ٹائپ 2) کا ذمہ دار ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی تحقیقی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ ذیابیطس قسم دوم کی وجہ بننے والا جین دریافت کرلیا گیا ہے۔ یہ جین KLF 14 کہلاتا ہے جو پیٹ میں چربی جمع کرنے کا بھی ذمہ دار ہے اور اسی جین کی وجہ سے ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

سائنسی جریدے نیچر جنیٹکس میں شائع شدہ رپورٹ کے مرکزی مصنف اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر مارک مکارتھی نے بتایا ہے کہ KLF 14 مردوں میں فالتو چربی کو پیٹ میں جمع کرتا ہے جب کہ خواتین میں یہی جین کمر سے نچلے حصے میں چربی رکھتا ہے اور یہی چربی ذیابیطس کا باعث بنتی ہے۔ تاہم  مرد و عورت میں جسم کے دیگر حصوں میں جمع ہونے والی چربی ذیابیطس کا باعث نہیں بنتی اور نہ ان حصوں میں چربی جمع ہونے کا ذمہ دار جین KLF 14 ہے۔ اگر اس جین کا تجزیاتی مطالعہ کیا جائے تو ذیابیطس جیسے موذی مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

فربہ ہونا اور بالخصوص بڑھا ہوا پیٹ ذیابیطس کے بڑے خدشات میں شامل ہیں تاہم وزن کو اعتدال میں رکھنے، متوازن غذا کے استعمال، باقاعدہ ورزش اور طرز زندگی میں معمولی تبدیلی سے ان خدشات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیلتا جارہا ہے اور بڑی عمر میں شرح اموات کی سب سے بڑی وجہ بھی یہی مرض ہے جو دل، گردے، دانت اور آنکھوں کے امراض کا سبب بھی بنتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔