کوئٹہ میں فائرنگ سے 2 مسیحی ہلاک، 3 زخمی

نمائندگان ایکسپریس  پير 16 اپريل 2018
حساس ادارے اورایف سی نے دکی میںمشترکہ کارروائی کی، ایک ملزم بھی گرفتار۔ فوٹو:فائل

حساس ادارے اورایف سی نے دکی میںمشترکہ کارروائی کی، ایک ملزم بھی گرفتار۔ فوٹو:فائل

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقہ عیسیٰ نگری میں فائرنگ سے2 مسیحی افراد ہلاک اور 3زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اتوار کی شام عیسیٰ نگری میں چرچ کے قریب کچھ لوگ اور بچے کھڑے تھے کہ 2موٹرسائیکلوں پر سوار 4افراد نے فائرنگ کردی جس سے اظہر اور راحیل چل بسے ، زخمی سمیعہ، واحد اور لائبہ کو بی ایم سی اسپتال منتقل کردیاگیا۔

واقعے کے خلاف مقتولین کے ورثا اور علاقہ مکینوں نے ٹائرجلاکر احتجاج کیا اور سبزل روڈ گولیمار چوک کے علاقے میں ٹریفک معطل کردی جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اس واقعے میں انسانی جانوں کے زیاں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مسیحی برادری کا تحفظ حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ حساس ادارے اور ایف سی نے دکی میں کارروائی کرتے ہوئے راکٹوں مارٹربموں سمیت اسلحہ کی بھاری کھیپ قبضے میں لے کر تخریب کاری کے منصوبے کوناکام بنادیا۔

فورسز کے ذرائع کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے لونی کے علاقے معروفزئی میں ملک تاج محمد لونی کے گھر پر چھاپہ مارکر بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولے برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک عدد 14. 5 گن، ایک عدد چائنا ایل ایم جی، 2عدد ایس ایم جی کلاشنکوف، ایک عدد 82RR ، ایک عدد شاٹ گن 12 بور، 75RR گن کے31 گولے 14.5 گن کے 135 گولے، 6 راکٹ ، چائنا ایل ایم جی کی 1020 گولیاں، ایس ایم جی کی 190 گولیاں، تھری ناٹ تھری بندوق کی300 گولیاںشامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسلحہ تخریب کاری کیلئے استعمال کیاجاناتھا۔ پنج گور میں فورسز کی گاڑی کے قریب کے دھماکا ہوا تاہم اہلکار محفوظ رہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔